گلگت بلتستان

ڈسٹرکٹ ہسپتال گلگت کو ٹیچنگ ہسپتال بنانے کے لیے پاکستان میڈیکل کونسل سے رابطہ کیا جا رہا ہے، چیف سیکریٹری

گلگت( پ ر) چیف سکریٹری گلگت بلتستان سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ محکمہ صحت اور تعلیم کے بارے میں واضح پالیسی بنائی گئی ہے کہ جو ملازم جس جگہ سے تنخواہ لیتا ہے اسی جگہ یہ اس کو ڈیوٹی دینی ہوگی اور اس پالیسی کو نافذ کر دیا گیا ہے۔ڈسٹرکٹ ہسپتال گلگت میں لگائے گئے آئی کیمپ کے معائنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس ہسپتال کو جدید آلات سے لیس کر دیا جائے گا اور بہترین ڈاکٹروں کی تعیناتی عمل میں لائی جا رہی ہے کیونکہ یہ پورے صوبے کا واحد ہسپتال ہے جس میں پورے خطے کے مریض مستفید ہو رہے ہیں۔چیف سکریٹری نے کہا کہ ادویات اور ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کرنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور جلد ہی ان پر قابو پالیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کی کمی کا سامنا ہرہسپتال کو کرنا پڑ رہا ہے۔مگر چونکہ یہ ایک ریفریل ہسپتال ہے اس کو ہر طرح سے دیکھا جائے گا کہ کس طرح اس میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ ڈاکٹر جنہوں نے گلگت بلتستان کے ڈومیسائل پہ فنی تعلیم حاصل کی ان کو علاقے کا خدمت کرنا پڑیگا۔انہوں نے کہا کہ انتظامی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں کہ پورے گلگت بلتستان میں فری کیمپ لگائے جائیں تاکہ علاقے کی پوری عوام مستفید ہو۔انہوں نے فری کیمپ لگانے والے ڈاکٹروں کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے وقت نکال کر اتنی دور آکے فری کیمپ لگایا جسسے سینکڑوں لوگ مستفید ہوئے۔
چیف سکریٹری نے ایک صحافی کے سوال کے جواب میں کہا کہ امراض قلب کے ہسپتال کیلئے زمین الاٹ کر دی گئی ہے اور 4.1ملین روپوں کی لاگت سے فزیبلٹی رپورٹ بنائی جا رہی ہے جس کے بعد اس ہسپتال کی تعمیر پر تمام توانیاں صرف کر دی جائینگی تاکہ جلدازجلد اس کی تکمیل ہو سکے اور عوام کو ان کے گھروں کے دہلیز پر علاج و معالجہ کی سہولیات مل سکیں۔انہوں نے کہا بہت سارے محکمے ایسے ہیں جہاں پر سٹاف سرپلس ہیں اور اس بات کا فیصلہ بہت جلد کیا جائیگا کہ ان ملازمین کو ضرورت کی بنیاد پر کس محکمہ میں تعینات کیا جائے جہاں پر ملازمین کی تعداد کم ہو اور مزید لوگوں کی ضرورت ہو تاکہ عوام کی خدمت مزید اچھے انداز میں کیا جائے۔چیف سکریٹری نے کہا کہ پاکستان میڈیکل ڈینٹل کونسل کے ساتھ رابطہ کیا جا رہا ہے کہ ڈسٹرکٹ ہسپتال گلگت کو ٹیچنک ہسپتال کا درجہ دیا جائے تاکہ یہاں پر ہاوس جاب شروع کروا دیا جائے اور ڈاکٹروں کو یہ سہولت بھی ان کے اپنے علاقے میں مل جائے۔انہوں نے میڈیا کی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاشرے کی تعمیر میں اس کا بہت اچھا رول ہے۔چیف سکریٹری نے میڈیا سے مخاطب ہو کے کہا کہ بیشک ان کے اچھے کام کی تعریف نہ کی جائے بلکہ خامیوں اور کوتاہیوں کو حقیقت کی بنیاد پہ اجاگر کریں تاکہ اس سے ان کی رہنمائی ہو سکے کہ کس جگہ پہ بہتری لانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ میڈیا رپورٹس کو بہت سنجیدگی کے ساتھ لیا جا رہا ہے اور ان پر تحقیق کی جاتی ہے اور خبر درست ہونے پر ایکشن بھی لیا جاتا ہے۔لہٰذا حقائق کو درستگی کیساتھ اجاگر کیا جائے تاکہ اس پہ بروقت ایکشن ہو اور وقت کے ضیاع کو بچایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے اعتماد کو حاصل کیا جانا چاہئے اور اگر عوام کا اعتماد حاصل ہو جائے تو کسی بھی قسم کے ایشو کو آسانی کے ساتھ حل کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے سختی کیساتھ کہا کہ ہمیں نسل ،رنگ اورفرقہ سے ہٹ کر ملک اور قوم کیلئے کام کرنا ہوگا اور اس قسم کے تعصبات کے خلاف جنگ میں میڈیا ایک بہت اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
IMG_0136 copy
انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ اس قسم کے عناصر کے خلاف جنگ ہیں وہ حکومت کا ہاتھ مضبوط کریں ۔چیف سکریٹری نے کہا کہ اسلامک ڈیویلپمنٹ بینک سے بہت جلد خطیر رقم وصول ہو جائے گی جبکہ DFIDسے بھی 40ملین ڈالر مل جائینگے جو کہ صرف اور صرف صحت کے شعبے پر خرچ کیا جائے گا جبکہ حکومتی وسائل کو دوسری جگہ پہ گیا دیا جائیگا تاکہ اس شعبے میں بھی بہتری لائی جا سکے۔چیف سکریٹری نے مزید کہا کہ علاقے میں منصوبہ بندی اور ترقیات کے عمل میں بڑی تبدیلی ہوئی گئی ہے اور وہ خود بھی اس نظام کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ خود تمام منصوبوں کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ کوئی بھی منصوبہ ترقیاتی فورم میں آئے بغیر نہ رہ سکے۔انہوں نے کہا کہ وہ ٹیم ورک پر یقین رکھتے ہیں اور فیلڈ وزٹ کر رہے ہیں تاکہ وہ خود کو تمام معاملات سے خود کو آگاہ کریں۔انہوں نے کہا کہ وہ بھرپور فالو اپ کرینگے تاکہ ترقی کے عمل کو تیز کیا جا سکے۔انہوں نے کہا اس علاقے میں کام کا سیزن بہت کم ہے جو کہ پہلے صرف منصوبہ بندی پہ گزر جاتا تھا مگر اب بروقت منصوبہ بندی بھی کی جائیگی اور ترقیاتی عمل کو بھی آگے بڑھایا جائیگا تاکہ علاقے کو ملنے والا تمام بجٹ عوامی منصوبوں پہ خرچ کیا جا سکے۔چیف سکریٹری نے اس موقع پہ ڈپٹی کمشنر گلگت کو ہدایت کی کہ وہ سکیورٹی کے نظام کو بہتر بنائیں اور مزید پولیس کی نفری کو تعینات کریں۔انہوں نے مریضوں کو بیٹھنے کیلئے فوری طور پر کرسیوں کا انتظام کرنے کا حکم صادر کرتے ہوئے کہا کہ علاج و معالجے کیلئے آنے والے لوگوں کے پینے کے صاف اور ٹھنڈا پانی بھی میسر کر دیا جائے ۔چیف سکریٹری نے اس موقع پر آپریشن تھیٹر سمیت کئی جگہوں کا بھی دورہ کیا جہاں پہ مریضوں کا مفت علاج کیا جا رہا تھا۔اس موقع پر ہوم سکریٹری ڈاکٹر عطاء الرحمن ،ڈپٹی کمشنر گلگت سبطین احمد،ہیلتھ سکریٹری رشید احمد اور ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن فاروق احمد بھی موجود تھے چیف سیکریٹری نے آئی سپیشلسٹ کی فوری ترقی کے احکامات بھی جاری کردیئے۔
Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button