گلگت بلتستان

کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف چلاس میں احتجاجی ریلی

CHilas
چلاس(بیورورپورٹ)کشمیر پر بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف ضلع دیامر میں احتجاجی ریلی نکالی گئی ،ریلی ڈپٹی کمشنر دیامر کی قیادت میں ڈی سی آفس سے شروع ہو کر ڈی سی چوک سے گزر کر صدیق اکبر چوک پہنچی ۔ریلی میں سکولوں کالجوں کے طلباء ،سول سوسائٹی کے افراد سمیت مختلف سرکاری محکموں کے اہلکاروں نے شرکت کی ۔ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینزر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جس پر بھارت کے کشمیر پر ناجائز تسلط کے خلاف اور کشمیریوں کے حق میں نعرے درج تھے ۔
ریلی سے خطاب کرتے ہو ئے ڈپٹی کمشنر دیامر شہباز طاہر ندیم نے کہا کہ 1947کو آج ہی کے دن بھارت نے تمام بین الاقوامی قوانین کو بالائے طاق رکھ کر اپنے توسیع پسندانہ عزائم کی تکمیل کیلئے ریاست جموں کشمیر پر ناجائز قبضہ کیا ۔ہر سال 27اکتوبرمنانے کا مقصد بھارتی جارحیت اور ناجائز قبضے کے خلاف یوم سیاہ منا کر دنیا کی توجہ مقبوضہ علاقے میں جاری قابض فوج کے مظالم کی طرف مبذول کرانا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو حقیقی آزادی تب ملے گی جب کشمیر آزاد ہو گا ۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر چلاس نعیم قیصر ،اسسٹنٹ کمشنر داریل سمیع اللہ نے کہا کہ بھارت زیادہ دیر تک طاقت کے ذریعے کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کو دبا نہیں سکتا ۔عالمی برادری کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرے ۔ پاکستان کا کشمیر سے متعلق موقف واضح ہے ،ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی اخلاقی ،سیاسی اور سماجی حمایت جاری رکھیں گے۔ ا س موقع پر خطاب کرتے ہو ئے شیناکستان قومی پارٹی کے چیئرمین حاجی محمد جاوید نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ،جس طرح گلگت بلتستان کے عوام نے 1947میں اس خطے کو اپنے زور بازو سے آزاد کرایا ،اگر حکومت پاکستان اجازت دے تو ایک ماہ کے اندر کشمیر کو بھارتی غاصبوں سے آزاد کرا کر پاکستان کے ساتھ ضم کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا کشمیریوں سے رشتہ نظریاتی ہے کشمیر کبھی بھی بھارت کا نہیں ہو سکتا ۔گلگت بلتستان کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں.
۔ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ تعلیم دیامر ہدایت اللہ نے کہا کہ بھارت ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیریوں کی آواز دبا نے کی کوشش کر رہا ہے ،ریاست میں عورتوں و نوجوانوں کا قتل اور خواتین کی عصمت دری کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے لیکن نام نہاد انسانی حقوق کی تنظیمیں خاموش ہیں ۔بھارتی حکمرانوں پر جنگی جنون سوار ہے ۔بھارت کو 1965 اور1971کی جنگوں سے سبق حاصل کرنا چاہئیے۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما مبین شاہ نے کہا کہ کشمیر گلگت بلتستان کا حصہ ہے اس کی آزادی کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔
Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button