گلگت بلتستان

ہلال احمر کے زیر اہتمام ضلع استور میں بارشوں سے متاثر٢٠٠ خاندانوں کو امدادی اشیا دئیے گئے

استور(پ ر) ہلال احمر گلگت بلتستان کی جانب سے ضلع استور کے دوردراز علاقوں میں حالیہ بارشوں سے متاثرہ دو سو خاندانوں میں لاکھوں مالیت کی امدادی اشیاء تقسیم کی گئیں۔ ہلال احمر کے صوبائی ہیڈ کوارٹر سیجاری ہونے والی تفصیل کے مطابق 61کلوگرام کھانے پینے کی اشیاء پر مشتمل پیکج میں آٹا،چاول،دالیں،گھی،چینی،چائے اور نمک شامل ہے جوکہ ہلال احمر گلگت بلتستان اور اسلام آباد کی ٹیم نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے متاثرین میں تقسیم کیا۔ اس سے قبل ہلال احمر کی ٹیم نے بارشوں اور برف باری سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے200خاندانوں کے تقریباً1400افراد کو امداد کے مستحق قرار دیا تھا جس پر ادارے کے صوبائی عہدیداران کی گزارش پر ہلال احمر کے نیشنل ہیڈکوارٹر اسلام آباد سے مذکورہ خاندانوں کے لئے امدادی اشیاء فراہم کی گئیں۔
ہلال احمر کی جانب سے گزشتہ ماہ دیوسائی کے مقام پر برف میں محصور ہوکر رہ جانے والے خانہ بدوشوں کو بھی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر خیمے، کمبل اور دیگر بنیادی اشیاء فراہم کی گئی تھیں۔ ہلال احمر گلگت بلتستان کے چیئرمن محمد ولی نے استور میں قدرتی آفت سے متاثرہ افراد کے لئے امدادی اشیاء کی فراہمی پر ہلال احمر پاکستان کے نیشنل ہیڈکوارٹر اسلام آباد کے چیئرمن ڈاکٹر سعید الہیٰ اور سکریٹری جنرل ڈا کٹر محبوب سردار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہلال احمرگلگت بلتستان اپنے نیشنل ہیڈکوارٹر اور دیگر پارٹنر نیشنل سوسائٹیز کے تعاون سے گزشتہ سات سال سے علاقائی سطح پر قدرتی آفات کے متاثرین کی امداد وبحالی کے کاموں میں بڑھ چڑھ حصہ لینے کے علاوہ غریب اور پسماندہ علاقوں کے عوام کو بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی ، ابتدائی طبی امداد کی تربیت اور دیگر فلاحی کاموں میں مصروف عمل ہے لیکن ادارے کو درپیش مالی مسائل اس نیک مشن کی راہ میں رکاوٹ بن رہے ہیں جن کے خاتمے کے لئے صوبائی حکومت، امدادی اداروں اور مخیرحضرات کا تعاون درکار ہے تاکہ یہ ادارہ مذید فعال اور مستحکم انداز میں علاقے کے عوام کی خدمت کرسکے۔
Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button