گلگت بلتستان

اگر بلتستان کی سول انتظامیہ روندو کے انتظامی معاملات نہیں چلا سکتی تو اسے گلگت ریجن میں شامل کیا جانا چائیے، منظور پروانہ

روندو(پریس ریلیز) وادی روندو کمشنر اور ڈپٹی کمشنر بلتستان کی عدم توجہی کا شکار ہے ، سکردو انتظامیہ کی روندو کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک باعث تشویش ہے سب ڈویژن روندو کو سیاسی اور انتظامی طور پر نظر انداز کیا جا رہا ہے ، عرصہ دراز سے سب ڈویژن میں تحصیلدار، نائب تحصیلدار، ایس ڈی پی او اور سی ایس آئی کی پوسٹیں خالی ہیں ، بار بار کی نشاندہی کے باوجود کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سکردو کا اپنی ذمہ داریوں کا احساس نہ کرنے کی وجہ سے عوامی مسائل میں روز بہ روز اضافہ ہو رہا ہے،اگر بلتستان کی سول انتظامیہ روندو کے انتظامی معاملات نہیں چلا سکتی تو اسے گلگت ریجن میں شامل کیا جانا چائیے ، روندو کے عوام کے مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل نہیں کیا گیا تو عوام کی تعاون سے حکمرانوں اور سول انتظامیہ کے خلاف مزاحمتی تحریک کا آغاز کیا جائے گا ان خیالات کا اظہار روندو سے گلگت بلتستان اسمبلی کے آزاد امید وار انجئنیر منظور پروانہ نے کیا ۔

parwanaانہوں نے کہا کہ نہ سب ڈویژن روندو کے مسائل روندو میں حل ہو رہے ہیں اور نہ ہی یہاں کے عوام کے مسائل پر کمشنر اور ڈپٹی کمشنر بلتستان توجہ دے رہے ہیں ، روندو کے سول انتظامیہ روزانہ گلگت سے بلتستان آنے جانے والے آفیسر شاہی کو پروٹوکول دینے اور ان کی آؤ بھگت کرنے میں لگی رہتی ہے ایسا لگتا ہے کہ روندو میں سرکاری محکموں کا قیام عوامی خدمت کے لئے نہیں بلکہ بیوروکریسی کو پروٹوکول دینے کے لئے عمل میں لائی گئی ہیں۔ عوام جب بھی چھوٹے موٹے کام سے اے سی آفس جاتا ہے تو یہی سننے کو ملتا ہے کہ انتظامیہ پرٹوکول میں لگی ہوئی ہے ، اور چھوٹے ملازمین کی تنخواہیں اپنے بڑوں کو خوش رکھنے پر صرف ہوتی ہیں جس کی وجہ سے چھوٹے ملازمین کوکرپشن کرنے کا معقول بہانہ مل جاتا ہے اور ان کی پشت پناہی بھی ہوتی ہے۔ چیف سکریٹری گلگت بلتستان روندو میں ملازمین کی عدم موجودگی اور اعلٰی حکام کی پشت پناہی میں ہونے والی کرپشن کا نوٹس لے اور سب ڈویژن روندو کے انتظامی معاملات کو درست سمت میں ڈالنے کے لئے ذاتی دلچسپی لے۔

منظور پروانہ نے کہا کہ روندو کے عوام اپنے ساتھ ہونے والے مظالم اور نا انصافیوں پر خاموش تماشائی بنے رہنے کی بجائے اپنے حقوق کے لئے آواز بلند کریں اور کرپٹ سیاستدانوں کے لئے روندو کی بستی بستی اور قریہ قریہ نو گو ایریا بنا دے ، جن لوگوں نے روندو کے عوام کو گزشتہ تیس سالوں سے ذاتی مفادات پر قربان کر رکھا ہے ان کی احتساب کا وقت قریب آگیا ہے ، عوام ووٹ کی طاقت سے سابقہ کرپٹ نمائندوں کا کڑا احتساب کرنے اور متبادل ،قابل قیادت کو سامنے لانے کے لئے کمر کس لے تاکہ آنے والے وقتوں میں روندو ترقی کی طرف گامزن ہو سکے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button