گلگت بلتستان

پی آئی اے کرایوں میں دیئے گئے 20فیصد ریلیف کا اطلاق گلگت بلتستان پر نہیں ہوگا

سکردو ( محمد اسحاق جلال) وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی جانب سے پی آئی اے میں سفر کرنے والوں کے کرایوں میں دیئے گئے 20فیصد ریلیف کا اطلاق گلگت بلتستان پر نہیں ہوگا۔ اسلام آباد سے گلگت اور سکردو کیلئے پی آئی اے میں سفر کرنے والے مسافروں کو کوئی رعایت نہیں ملے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ پی آئی اے میں دیئے گئے رمضان پیکیج کا اطلاق صرف اور صرف اسلام آباد ، لاہور ، کراچی، کوئٹہ ، پشاور ، سیالکوٹ ، سکھر سمیت چاروں صوبوں کے دیگر علاقوں پر ہو گا اور صرف انہی علاقوں کے لوگ20 فیصد رعایتی پیکیج سے مستفید ہو سکیں گے۔ گلگت بلتستان کے مسافروزیر اعظم کے رعایتی پیکیج سے کوئی فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔

کرایوں میں20فیصد رعایت دینے کے فیصلے کا اطلاق گلگت بلتستان میں نہ کرنے پر مسافروں نے شدید احتجاج کیا ہے اور کہاہے کہ گلگت اور سکردو کیلئے سفر کرنے والے مسافروں کو پی آئی اے کے رعایتی پیکیج سے محروم رکھنا گہری سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ بتایا جائے کہ وزیر اعظم کے رعایتی پیکیج کا اطلاق گلگت بلتستان پر کیوں نہیں کیا جارہا ہے ؟ اور مسافروں کو کرایوں میں20 فیصد ریلیف کیوں نہیں دیا جارہا ہے؟انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے قیام پاکستان اور بقائے پاکستان کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں مگر انہیں تمام قسم کی سہولتوں سے محروم رکھا جارہا ہے جو سنگین زیادتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت اور سکردو کیلئے سفر کرنے والے مسافر پہلے ہی بہت ساری مشکلات کا شکار ہیں اب رمضان پیکیج سے بھی اس علاقے کے لوگوں کو محروم رکھ کر زخموں پر نمک پاشی کی گئی۔ جس طرح رمضان میں ملک کے دوسرے حصوں کے مسافروں کوکرایوں میں20 فیصد رعایت دی گئی ہے اسی طرح گلگت بلتستان کے مسافروں کو بھی دی جائے ورنہ خاموش نہیں رہیں گے اور بھرپور احتجاج کریں گے۔

ادھر پی آئی اے کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ہم گلگت بلتستان کے مسافروں کو رعایت دینا چاہتے ہیں لیکن ابھی تک حکومت کی جانب سے کوئی حکم نامہ جاری نہیں کیا گیا ہے۔ جب حکومت کوئی حکم جاری نہیں کرتی ہے تو ہم کسی کو رعایت نہیں دے سکتے۔ حکومت نے حکم جاری کیا تو ہم گلگت بلتستان کے مسافروں کو ضرور ریلیف دیں گے ۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button