گلگت بلتستان

ہلال احمر گلگت بلتستان کے زیر اہتمام سیلاب سے متاثرہ 268 خاندانوں میں امدادی اشیا کی تقسیم

2015-09-16-5529

گلگت/سکردو(پ ر)ہلال احمر گلگت بلتستان برانچ کی جانب سے گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں حالیہ سیلاب اور قدرتی آفات سے متاثرہ 268خاندانوں میں امدادی اشیاء تقسیم کی گئیں۔ پیر کو ادارے کی جانب سے جاری کردہ اعداوشمار کے مطابق ضلع سکردو کے مختلف علاقوں میں سیلاب سے متاثرہ 96،گانچھے میں ایک سو،غذر میں 46اور گلگت کے گاؤں اوشکھنداس میں 26خاندانوں کوہلال احمر گلگت بلتستان کی جانب سے کھانے پینے کی مختلف اشیاء پر مشتمل61کلوگرام وزنی پیکیجز تقسیم کئے گئے، جن میں بیس کلوآٹا،پندرہ کلو چاول،بارہ کلو دال،پانچ کلو گھی،سات کلو چینی اور ایک ایک کلو نمک اور چائے پتی شامل تھے۔ یہ امدادی سامان ہلال احمر پاکستان کے نیشنل ہیڈکوارٹرز کی طرف سے ٹیلی نار پاکستان کے مالی تعاون سے فراہم کئے گئے تھے جن کی طرف سے اس سے قبل بھی گلگت بلتستان کے متاثرین سیلاب کو خیمے،کمبل سمیت دیگر بنیادی ضروری اشیاء باہم پہنچائی گئیں تھیں جبکہ متاثرہ علاقوں میں موسمی بیماریوں کی روک تھام کے لئے فری میڈیکل کیمپ بھی لگائے گئے تھے۔ گلگت اوشکھنداس میں امدادی اشیاء کی تقسیم کے موقع پر ہلال احمر گلگت بلتستان کی صوبائی سکریٹری نورالعین نے کہا کہ ہلال احمر پاکستان روزاول سے گلگت بلتستان سطح پر وقوع پذیر ہونے والے قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کی امدادوبحالی کی سرگرمیوں میں حکومت کے شانہ بشانہ رہا ہے اور بلاامتیاز متاثرین کی ہرممکن مددکی ہے۔ ادارے کی جانب سے خدمت انسانیت کا یہ سفر آئندہ بھی جاری وساری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہلال احمر پاکستان ملک کا ایک قومی ادارہ ہے جو حکومتی معاون کے طور پر ملک بھر میں قدرتی آفات کے متاثرین اور مصائب کے شکار افراد کی دادرسی کرتا ہے جبکہ اس کے علاوہ یہ ادارہ غریب اور پسماندہ علاقوں کے عوام کو بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی،ابتدائی طبی امداد کی تربیت اور نوجوانوں کے اندر رضاکارانہ خدمت کے جذبے کو فروغ دینے کے حوالے سے بھی گراں قدر خدمات سرانجام دے رہا ہے جس پر ادارے کوقومی اور بین الاقوامی سطح پر بھی پذیرائی حاصل ہے۔ امدادی اشیاء کی تقسیم کے موقع پر حکومتی و انتظامیہ کے ذمہ دار بھی موجود تھے جنہوں نے ہلال احمر کے فلاحی سرگرمیوں کی تعریف کی۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button