گلگت بلتستان

عشق رسولؐ کا تقاضا یہ ہے کہ آپؐ کے دئے ہوئے نظام کو ملک میں نافذ کیا جائے، سیکریٹری اطلاعات جمیعت علماء اسلام گلگت

گاہکوچ (پریس ریلیز) اسوہ رسول ؐ کی مکمل پیروی ہی تمام چیلنجز میں کامیابی اور امن و استحکام کے لئے بہترین فارمولا ہے۔ وطن عزیز میں شروع دن سے ہی اسلامی شریعت کا نفاذ ہو جاتا اور اسلامی تعزیرات اور اسلامی قوانین کے مطابق بلا امتیاز مرتکب عناصر کو کیفر کرادر تک پہنچایا جاتا تو آج پورا ملک امن کا گہوارہ بن جاتا اور پورا معاشرہ کرپشن و لوٹ کھسوٹ سے پاک ہو جاتا۔ مگر صد افسوس ہے کہ اڑسٹھ سال گزرنے کے باوجود شریعت محمدی ؐ اور اسلامی تعزیرات کے عدم نفاذ سے کرپشن ،بد عنوانی اور ملاوٹ جیسے بیماریاں پورے معاشرے میں دیمک کی طرح سرائیت کر چکی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سیکریٹری اطلاعات جمیعت علماء اسلام گلگت اور خطیب جامع مسجد حضرت علی المرتضیؓ مولانا رحمت اللہ سراجی نے بارہ ربیع الاول کے حوالے سے قوم کے نام اپنے ایک پیغام میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ دو جہاں کے سردارکی سیرت طیبہ کو اپنائے بغیر کامیابی نا ممکن ہے۔ اسلامی نظام کے عدم نفاذ اور اسوۂ رسول سے روگردانی سے پورا ملک اور معاشرہ گھمبیر مسائل سے دو چار ہو چکا ہے۔ پورا ملک مسائل کے دلدل میں پھنس چکا ہے، انسانیت کا بے دریغ قتل عام جاری ہے ، ملکی وسائل کو شیر مادر کی طرح ہڑپ کیا جارہا ہے، کوئی ادارہ کرپشن اور بد عنوانی سے پاک نہیں ، ان تمام مسائل کا حل شریعت محمدیؐ اور اسلامی قوانین کا عملی نفاذ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج مسلمان حضور ؐ کی غلامی کی بجائے غیروں کی غلامی اختیار کر کے گونا گوں مسائل کا شکار ہیں۔ حضورؐ کے دامن رحمت سے وابستگی ہی تمام مسائل کا حل ہے، محبت رسول ؐ کے بغیر کوئی کامل مومن نہیں بن سکتا مگر دعویٰ محبت میں صداقت کے لئے اتباع رسولؐ نا گزیر ہے۔ عشق رسولؐ کا تقاضا یہ ہے کہ آپؐ کے دئے ہوئے نظام کو ملک میں نافذ کیا جائے۔ محض دن منانے سے عشق کے تقاضے پورے نہیں ہوتے۔ جمیعت علماء اسلام روز اول ہی سے ملک میں نظام مصطفی ؐ کے عملی نفاذ کے لئے جدو جہد کر رہی ہے ۔ انشاء اللہ اس کے عملی نفاذ تک کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور ملک میں اسلامی نظام نافذ کرا کر ہی دم لیں گے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button