گلگت بلتستان

وزیر اعلیٰ کی قیادت میں ساری کابینہ اور سرکاری مشینری عوامی فلاح و بہبود کے لیئے کوشاں ہے۔وزیر تعمیرات ڈاکٹر محمد اقبال

گلگت ( پ ر) وزیر تعمیرات ڈاکٹر محمد اقبال نے گڈ گورننس اور عوام مسائل کے حل کے لیئے سرکاری سہولیات تک عوام کی آسان رسائی کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا کہ صوبائی حکومت بہترین ٹریک پر چل رہی ہے اور وزیر اعلیٰ کی قیادت میں ساری کابینہ اور سرکاری مشینری عوامی فلاح و بہبود کے لیئے کوشاں ہے۔ ،بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی گزشتہ سالوں کی نسبت آ دھی سے بھی کم رہ گیا ہے، علاوہ ازیں تعلیم، صحت اور امن کے شعبوں میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے۔ ڈاکٹر محمد اقبال کا کہنا تھا کہ سیاسی مخالفین آرام دہ کمروں میں بیٹھ کر تنقید برائے تنقید کی سیاست پر عمل پیرا ہے جس کا حاصل سوائے اخباری بیانات کے کچھ بھی نہیں ہے، اسکی بجائے انکو چاہیئے کی وہ اپنے دور حکومت کی ناقص کارکردگی کا جائزہ لیں جس کی وجہ سے حالیہ الیکشن میں عوام نے انہیں بری طرح سے مسترد کر دیا ہے۔ پچھلی حکومت کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے اس علاقے میں کرپشن اور بے روزگاری کے عفریت نے سر اٹھایا اور مسائل کا پہاڑ کھڑا ہو گیا تھا اور ا ب ن لیگ کی حکومت بہترین اصلاحات کر کے ان مسائل سے عوام کو نجات دلا دیگی۔ سیاسی بیان بازی کرنے والے لوگ تنقید برائے تنقید کی بجائے اپنی توانائیاں مثبت اور تعمیری کاموں میں خرچ کریں۔ انکا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت پوری یکسوئی سے علاقے کی ترقی کے لیئے مصروف عمل ہے اور آئندہ آنے والے برسوں میں اس علاقے میں ایک عظیم معاشی انقلاب برپا ہوگا۔ اقتصادی راہداری کے علاوہ کئی اور منصوبے اس علاقے میں جاری ہیں اور بجلی کے کئی منصوبے بھی اپنی تکمیل کے قریب ہیں ، آنے والے دنوں میں روشن گلگت بلتستان سارے ملک کے لیئے ایک مثالی خطہ ثابت ہوگا اور اس علاقے کی ترقی کو دنیا ،رشک کی نگاہ سے دیکھے گی۔ وزیر تعمیرات نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سرکاری ملازمین اپنے سرکاری امور کی انجام دہی میں کوئی کوتاہی نہ برتیں اور حکومت کی جانب سے وضح کر دہ اہداف کے بر وقت حصول میں اپنا بھر پور کر دار ادا کریں۔ انکا مزید کہنا تھا کہ سرکاری دفاتر میں بائیو میٹرک نظام کی تنصیب کا اولین مقصد یہ ہے کہ تمام سرکاری اداروں کا عملہ وقت کی بھر پور پابندی کرے اور دفاتر میں رہ کر عوامی مسائل کو حل کرنے میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔ صوبائی حکومت بہتر منصوبہ بندی کے زریعے آنے والے سالوں میں ترقیاتی اہداف کو ہر صورت پور کرے گی اور ان منصوبوں سے اس خطے کا ہر علاقہ فیض یاب ہوگا۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button