سیاست

ایکس سولجرز ایسوسی ایشن غذر کا اہم اجلاس، صحت، تعلیم، توانائی اور سڑکوں کے مسائل حل کرنے کا مطالبہ

غذر(پ۔ر)ایکس سولجرز آرگنائزیشن کا ایک اہم اجلاس غذر حلقہ تین ہیڈ آفس برکولتی میں زیر صدارت چیئرمین ایکس سولجرز دردانہ شاہ منعقد ہوا۔ اجلاس میں گلگت بلتستان کے سیکریٹری اطلاعات حوالدار شکور خان اور علاقے کے ممبران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس اجلاس کا مقصد علاقے کے عوام کو در پیش مسائل سے صوبائی حکومت کو آگاہ کرنا تھا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایکس سولجرزکے چیئرمین دردانہ شاہ نے کہا کہ آج کے اس ترقی یافتہ دور میں گلگت بلتستان کے بعض علاقے پسماندہ ہیں جن پر حکومت کو توجہ دینے کی ضرورت ہے اور اس ضمن میں ایکس سولجرز ارباب اختیار کوآگاہ کرتی رہے گی۔ اس وقت جس مقام پر ہم یہ اجلاس منعقد کر رہے ہیں وہاں صحت، تعلیم، نقل و حمل اور مواصلات کا شدید فقدان ہے لہٰذا سب سے پہلے ہم ایس سی او کے اسٹیشن کمانڈر سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ غذر درکوت ، قرقلتی، نازبر میں ایس کام کے ٹاورزکی تنصیب کے حوالے سے اقدامات اٹھانے کا حکم صادر فرمائیں، علاوہ ازیں عوام کے لئے سفری مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے صوبائی حکومت غذر روڈ پر توجہ مرکوز کرے کیونکہ گلگت سے گاہکوچ، اشکومن، خوٹلتی اور گوپس سے شندور اور گوپس سے بابائے یاسین نشان حیدر گاؤں سے ہوتے ہوئے درکوت تک کا راستہ ۹۰ فیصد تباہ ہو چکا ہے جو کہ عوام کے لئے وبال جان ہے لہٰذا ہم وفاقی و صوبائی حکومت سے گزارش کرتے ہیں کہ ان روٹس کا کام چینی کمپنی کے سپرد کریں تاکہ وادی شہداء کی خوبصورت وادیوں کے نظارے کے لئے بین الاقوامی و قومی سیاح آسکیں جو کہ حکومت کے لئے ایک پر کشش آمد ن کا ذریعہ ہوگا۔

اجلاس میں سیکریٹری اطلاعات ایکس سولجر شکور خان بھی موجود تھے جن کا کہنا تھا کہ غذر میں عوامی منتخب نمائندوں کی جانب سے عوامی فلاح کا کوئی کام نہیں ہوا ہے جس کی وجہ سے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہم اعلیٰ حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس علاقے میں عوام شدید سردی میں مسائل سے دو چارہیں خاص کر 2010کے متاثرین درکوت کے 55گھرانے آسمان تلے بے یارو مددگار زندگی گزارنے پر مجبور ہیں جن کی جلد از جلد بحالی کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں، ساتھ ساتھ ہم گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمان کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ آٹے کے فی تھیلہ40روپے کم کیا مزید گلگت بلتستان میں بجلی ہر غریب کے گھر میں 24گھنٹے ایک بلب جلانے کی ٹھوس اقدامات کریں۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button