کھیل

دیامر کے نوجوانوں کی آنکھوں میں خوبصورت مستقبل کے خواب ہیں، صیح راستہ دکھانے کی ضرورت ہے: فیض اللہ فراق ترجمان صوبائی حکومت

چلاس(پ ر)ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق نے چلاس میں شہید امن سیف الرحمن پولو کپ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی مسائل کا نہ صرف ادراک رکھتی ہے ،بلکہ کم وقت میں مسائل کے حل میں کوشاں ہے ۔گلگت بلتستان کے عوام کا اعتماد حکومت پر آئے روز مربوط طریقے سے بحال ہوتا جارہا ہے ۔گزشتہ ایک سال سے گلگت بلتستان کا پائیدار امن شہید امن سیف الرحمن کی قربانی کا ثمر ہے ۔تیرہ برس گزر گئے مگر شہید کی سوچ اور وژن اب ایک تحریک اختیار کر چکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دیامر کے نوجوانوں کی انکھوں میں خوبصورت مستقبل کے خواب ہیں ان نوجوانوں کو صحیح راستہ دینے کی ضرورت ہے ،دیامر میں تعلیم و ترقی اور کھیل و صحت کے بہت کم مواقع ہیں ،جس کی وجہ سے دیامر کا خوبصورت چہرہ سامنے نہیں آرہا ہے ۔گلگت بلتستان کی حکومت دیامر کی تعمیر و ترقی کو اپنی پہلی ترجیح خیال کرتی ہے ۔عوام کے ووٹوں سے منتخب حکومت دیامر کے مسائل کو حل کرنے میں اولین کردارادا کرے گی۔ماضی میں دیامر کو ایک سازش کے تحت تعمیر و ترقی میں نہ صرف پیچھا رکھا گیا بلکہ تعمیر و ترقی اور صحت و تعلیم کے دروازے یہاں کے لوگوں پر بند رکھے گئے ۔انہوں نے کہا کہ دیامر نہ صرف گلگت بلتستان کا گیٹ وے ہے بلکہ ملکی تاریخ کے میگا منصوبے سی پیک اور دیامر ڈیم کا مرکز و منبح بھی یہ علاقہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ دیامر میں مستقبل قریب میں ایک بہت بڑا معاشی اور سماجی انقلاب آئے گا،جس سے مختلف اقوام رنگ و نسل اور علاقوں کے اشتراک سے ایک نیا معاشرہ وجود میں آئے گا۔دیامر کے نوجوان اپنے آپ کو اُس انقلاب کیلئے تیار رکھیں،اور مثبت معاشرتی ڈھانچے کی ترتیب میں اپنا کردارادا کرنے کیلئے تعلیم پر توجہ مرکوز رکھیں ۔انہوں نے کہا کہ دیامر کے عوام اپنی روایات کے پاسدار ہیں ،مہمان نوازی ،محبت بہادری یہاں کی پہچان ہے ۔اس لیئے سازشی عناصر کے چالوں کو بھانپتے ہوئے دہشت پسندوں کے عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے پرامن گلگت بلتستان اور خوشحال پاکستان کے ضامن بنیں ۔انہوں نے کہا کہ شہید امن سیف الرحمن پولو کپ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کو مدعو کیا جائیگا۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button