سیاست

سکردو روڈ کا ٹینڈر ایک بار پھر ملتوی کر کے بلتستان کے عوام کی امیدوں پر پانی پھیردیا گیا، ایم ڈبلیو ایم

گلگت ( پ ر) سکردو روڈ کا ٹینڈر ایک مرتبہ پھر ملتوی کرکے بلتستان کے عوام کی امیدوں پر پانی پھیر دیا گیا ،صوبائی حکومت تاریخوں پر تاریخیں دے کر عوامکوٹرخارہی ہے وفاقی حکومت سے گلگت بلتستان کے عوام کے بنیادی حقوق اور مسائل کے بارے میں صوبائی حکومت ٹھوس مطالبات کرنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے سکردو روڈ کے ٹینڈر کی باربار منسوخی سے حکومت کا گلگت بلتستان کے عوامی مسائل سے عدم دلچسپی کا ثبوت ہے جبکہ صوبائی حکومت گلگت بلتستان کے عوام کی ترجمانی کرنے میں مسلسل ناکام ہورہی ہے۔گلگت بلتستان کے آئینی حقوق کے حوالے سے بننے والی آئینی کمیٹی کے غبارے سے بھی ہوا نکل چکی ہے اورصوبائی وزراء تاحال اخباری بیانات سے عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں سے گلگت اور گردونواح میں پہنچنے والے نقصانات سے نمٹنے کیلئے حکومت کے پاس کوئی جامع حکمت عملی نہ تھی جبکہ تاحال دور دراز علاقوں کا رابطہ منقطع ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہنزہ نگر،غذر اور گلگت کے کئی علاقوں کی رابطہ سڑکیں تا حال بحال نہ ہوسکی ہیں جس کی وجہ سے عوام شدید پریشانی کا شکار ہیں اور ان علاقوں میں اشیائے خورد ونوش کی قلت کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے سے زیادہ اخباری بیانات پر توجہ دے رہی ہے اور صوبائی وزراء فوٹو سیشن پر زور دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے دی گئی ریلیف بھی محض مسلم لیگی حلقوں کے علاوہ کہیں بھی نظر نہیں آرہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلتستان ریجن کے عوام گلگت تک کی مسافت 9 گھنٹوں میں موت کے سائے میں طے کرنے میں مجبور ہیں اور حکومت سڑک کی تعمیر میں لیت و لعل سے کام لے رہی ہے جبکہ آئے روز حادثات کے نتیجے میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہورہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یکم مئی کو عوامی ایکشن کمیٹی کے جلسے میں عوام بھرپور شرکت کرکے حکومتی پالیسیوں کے خلاف عدم اعتماد کا اظہار کرینگے ۔انہوں نے وحدت مسلمین کے تمام کارکنان سے یکم مئی کے جلسے میں بھرپور شرکت کرنے اپیل کی ہے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button