متفرق

انجمن تاجران چلاس کا ہنگامی اجلاس، کاروباری افراد کو جیل بھجوانے اور بھاری جرمانے عائد کرنے پر شدید غم و غصے کا اظہار

گلگت (پ ر) انجمن تاجران چلاس کا اہم ہنگامی اجلاس زیر صدارت مولانا عبداللہ منعقد ہوا۔جس میں کور کمیٹی کے تمام ممبران عہدیداران و اراکین نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے انجمن تاجران کواعتمادمیں لئے بغیر کاروباری افراد کو جیل بھجوانے اور چھوٹے کاروباری طبقوں پر بھاری جرمانے عائد کئے جانے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔اور کہا گیا کہ فٹ پاتھوں پر تکہ فروشوں اور دیگرچھوٹے کاروبار کرنے والوں پر ہزاروں روپے جرمانہ سراسر ظلم و زیادتی ہے۔اس کاروبار سے منسلک افراد انتہائی غریب اور مجبور ہیں۔اور روزانہ کی بنیاد پر اپنا گزر بسر بمشکل کرتے ہیں۔ایسے میں ان پر بھاری جرمانے ان کے بچوں کے منہ سے نوالہ چھیننے کے مترادف ہے۔ ضلعی انتظامیہ ایسے غریب طبقے کی معاونت کے بجائے ان کے ساتھ ظالمانہ رویہ اختیار کرنے سے باز آجائے۔

اجلاس میں مزید کہا گیا کہ تازہ سبزیوں کے نرخوں میں گلگت کے سرکاری نرخنامے سے دس روپے قیمت کم مقرر کر دی گئی ہے۔چونکہ ملک کے دیگر شہروں سے چلاس اور گلگت کا کرایہ تقریباً یکساں ہے۔صرف ڈھائی تین ہزار روپے فی گاڑی کرایہ میں فرق ہے۔اس فرق کے تناسب سے قیمتوں کا تعین کیا جائے۔نہ کہ ڈھائی تین ہزار کی کمی کو مد نظر رکھ کر فی کلو دس روپے کمی کر دی جائے۔مقامی پیداہونے والی سبزی (شنی ساگ)کی فی کلو قیمت بیس روپے مقرر کر دی گئی ہے۔جو مقامی محنت کشوں سے زیادتی ہے۔اس سبزی کی قیمت سرکاری طور پر تیس روپے کلو مقرر کر دی جائے۔تاکہ مقامی محنت کشوں کی حوصلہ شکنی نہ ہو ۔اور انکی محنت کی اجرت صحیح انداز میں ان تک پہنچ سکے۔اگر اسی طرح زیادتی کا سلسلہ جاری رہا تو دلبرداشتہ ہو کر مقامی محنت کش سبزیوں کی کاشت نہیں کرینگے۔جس سے علاقے میں تازہ سبزیوں کا قحط پیدا ہوگا۔اور دوسرے شہروں سے لائی گئی سبزی کی قیمتیں کئی گنا زیادہ ہونگی۔

اجلاس میں متفقہ طور پر کہا گیا کہ ضلعی انتظامیہ بلا وجہ تاجروں کو پریشان کرنے کا سلسلہ بند کرے۔بصورت دیگر انجمن تاجران احتجاج کرنے پر مجبور ہوگی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انجمن تاجران کے سالانہ انتخابات عیدالفطر کے فوراً بعد ہونگے۔انتخابات تک موجودہ صدر حاجی عبدالمالک ہی ذمہ داریاں سر انجام دینگے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button