ماحول

ترکی شہری نے سکوار گلگت میں مارخور کے تحفظ کے لئے 5،000 امریکی ڈالرز کا عطیہ دے دیا

گلگت (نامہ نگار) سکوار گلگت میں مارخور کے تحفظ کے لئے شکار سفاریز کے مالک ترکی کے جناب کان کراکایا صاحب نے 5000 امریکی ڈالر کا عطیہ دیا۔کان کراکایا کی جانب سے آصف خان جنرل منیجر ہمالیہ نیچر ٹورز نے چیک WCSDO- SAKWAR کے چیئرمین محمد افضل خان اور جنرل سیکرٹری سید یاسر عباس رضوی کے حوالے کیا۔پانچ ہزار ڈالر کا عطیہ دینے پر پوری سکوار کمیونٹی اور وائلڈلائف کنزرویشن اینڈسوشل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (WCSDO) سکوار کی جانب سے کان کراکایا اور شکار سفاریز کمپنی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا گیا۔ یہ رقم WCSDO-SAKWAR کی جانب سے سکوار ویلی میں مارخور کے تحفظ اور ٹرافی ہنٹنگ کے فروغ کیلئے خرچ کی جائے گی۔ اس سلسلے میں سکوار میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تحفظ جنگلی حیات ، جنگلات و قدرتی وسائل کے حوالے سے تفصیلأ گفتگو کی گئی اور شکار سفاریز کمپنی کے مالک ترکی کے باشندے جناب کان کراکایا کی جانب سے سکوار ویلی میں پاکستان کے قومی جانور مارخور کا تحفظ کرنے کے لئے ۵۰۰۰ امریکی ڈالر دینے پر شکریہ ادا کیا گیا۔ واضح رہے کی اس عطیے کا اعلان انہوں نے مارچ کے مہینے میں سکوار میں ٹرافی ہنٹنگ کی غرض سے آئے ہوے امریکی ٹرافی ہنٹر کے ساتھ سکوار کے دورے کے وقت ایک اجتماع میں کیا تھا ۔اجلاس میں اس بات کا تہیہ کیا گیا کہ یہ رقم جو کہ پاکستانی کرنسی کے حساب سے 521500بنتی ہے، WCSDO-SAKWAR سکوار نالے میں مارخور کے تحفظ اور ٹرافی ہنٹنگ کے فروغ سے متعلقہ سرگرمیوں پر خرچ کرے گی۔ان سرگرمیوں میں علاقے کے لوگوں میں تحفظ جنگلی حیات، جنگلات و قدرتی وسائل کے حوالے سے شعوروآگاہی پیدا کرنے اور بڑھانے کیلئے اجلاس و تقریبات کا انعقاد، سائن بورڈ و بینر،پوسٹر، اشتہارات لگانا،نالے میں شکار پر پابندی کے حوالے سے چاکنگ کرنا۔نالے میں جنگلی جانوروں کی دیکھ بھال و نگرانی کی غرض سے سروے کرنا اور نوجوانوں پر مشتمل ٹیموں کی مدد سے گر میوں کے ان مہینوں میں نالے کے بلندوبالا چراگاہوں تک جا کر مسلسل پیٹرولنگ ، گشت کرنا شامل ہیں۔ اس سلسلے میں نوجوانوں کی باقائدہ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں کیونکہ دیگر منسلکی قریبی و دور دراز علاقوں سے سکوار نالے میں غیر قانونی شکار کی غرض سے آنے والوں کو پابند و تنبیہ کیا جاتا ہے کہ سکوار نالے میں شکار پر سختی سے پابندی ہے لہٰذا اس غرض سے یہاں آنا ترک کریں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔

WCSDO Sakwar Ijlas Picture 2 اس کے علاوہ ان سرگرمیوں میں سروے و گشت کی ٹیموں کی صلاحیتوں کو بڑھانا، ان کو تربیت دینا، سروے کیلیے آلات،مخصوص وردی سروے، گشت کے دوران اشیائے خوردونوش فراہم کرنا، کچھ مخصوص جگہوں میں رہنے کی جگہیں بنانا اور ٹریکس کی مرمت بھی شامل ہیں۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ تحفظ جنگلی حیات، جنگلات، قدرتی وسائل اور ماحولیات کے سلسلے میں محکمہ جنگلی حیات، جنگلات گلگت اور تمام غیر سرکاری اداروں کے ساتھ بھی مکمل تعاون کیا جائے گا تاکہ سکوار ویلی میں موجود قیمتی جنگلی جانوروں کا تحفظ یقینی ہو ۔ اورمارخور کے ٹرافی ہنٹنگ کے فروغ اور انعقاد سے سکوار کمیونٹی خاطر خواہ زرمبادلہ کمائے اور ان قدرتی جانوروں و دیگر تمام وسائل کے تحفظ میں مزید بڑھ چڑھ کر کام کرے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button