عوامی مسائل

معاشرے کے ہر فرد کے لئے ابتدائی طبی امداد کی تربیت حاصل کرنا ضروری ہے، محمد ولی چیرمین ہلال احمر گلگت بلتستان

گلگت(پ ر)ہلال احمر گلگت بلتستان کے چیئرمین محمدولی نے کہا ہے کہ ایکسویں صدی کے اس تیزرفتار ترقی نے جہاں انسانی زندگی میں بہت سی آسانیاں پیداکی ہے وہی پرانسانی جان ومال کو بہت سارے خطرات کا بھی سامنا ہے جن میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات،قدرتی آفات کے خطرات اوربڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات کی وجہ سے انسانی جانوں کا ضیاع معمول بن چکا ہے۔ ایسے میں انسانی زندگی کو درپیش ان خطرات سے بروقت نمٹنے اور خطرات میں کمی لانے کے لئے معاشرے کے ہرفردکو فرسٹ ایڈکی تربیت کا حصول لازمی ہے،جس کے لئے ہلال احمر گلگت بلتستان علاقے کے تمام اسٹیک ہولڈرز کوفرسٹ ایڈکی تربیت کی فراہمی کے لئے اپنی تمام ترکوششیں بروئے کارلارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعہ کے روز ہلال احمر گلگت بلتستان اور قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے شعبہ ماحولیات کے اشتراک سے عالمی یوم ابتدائی طبی امدادکی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہلال احمر گلگت بلتستان میں قدرتی آفات کے متاثرین کی امدادوبحالی کی سرگرمیوں کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کوفرسٹ ایڈ،ڈیزاسٹرمینجمنٹ،ہیلتھ اینڈ ہائی جین،رضاکارانہ خدمت کا فروغ اور انسانیت پسنداقدار کی پرچارکے حوالے سے تربیت کی فراہمی میں سرگرم عمل ہے،جس کے تحت ہزاروں لوگوں کو مختلف شعبوں میں تربیت فراہم کی گئی ہے اور یہ سلسلہ جاری وساری ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی کے طلبا وطالبات پر زوردیا کہ وہ بلاتفریق،رنگ ونسل دکھی انسانیت کی مددکے لئے ہلال احمرکے کارواں کا حصہ بنیں تاکہ گلگت بلتستان میں ایک پرامن اورصحت مندمعاشرہ تشکیل پاسکے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کے آئی یو کے شعبہ ماحولیات کے ہیڈ ڈاکٹرغلام رضا نے کہا کہ گلگت بلتستان مختلف نوعیت کے قدرتی آفات کی زدمیں واقع خطہ ہے جہاں پر موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے اثرات انسانی زندگی اور املاک کے لئے خطرے کا سبب بن رہے ہیں،ان آفات سے نمٹنے کے لئے ہلال احمر جیسے اداروں کی فعالیت وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہلال احمرکی جانب سے یونیورسٹی کے طلبا ء وطالبات کے لئے فرسٹ ایڈ کی تربیت کی فراہمی ایک اہم اور احسن اقدام ہے جسے مزید وسعت دیکرتمام اسٹوڈنٹس کو فرسٹ ایڈ سے متعلق اگاہی دینے کی اشدضرورت ہے۔ ہلال احمرگلگت بلتستان کی صوبائی سکریٹری نورالعین نے کہا کہ ہلال احمرنے کے آئی یو کے ساتھ گزشتہ برس ہونے والے معاہدے پر عملدرآمدکے سلسلے میں یونیورسٹی کے طلبا اور اساتذہ کو فرسٹ ایڈکی تربیت فراہم کرنے پر کام کا آغازکردیا ہے،جس کے تحت ابتدائی طورپر شعبہ ماحولیات کے طلباء وطالبات کو تین روزہ تربیت فراہم کی گئی ہے اور یہ سلسلہ آگے بھی جاری رہے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہلال احمر کے صوبائی آفیسرصحت ڈاکٹرمحمدیونس نے انسانی زندگی کے لئے فرسٹ ایڈکی اہمیت پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔اس موقع پر چیرمین ہلال احمرودیگرنے فرسٹ ایڈکی تربیت حاصل کرنے والے طلباء طالبات میں سرٹیفیکٹس بھی تقسیم کئے جبکہ ہلال احمر کی جانب سے شعبہ ماحولیات کے لئے فرسٹ ایڈ کا سامان بھی مہیا کیا گیا۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button