عوامی مسائل

ڈی سی چترال کو ہرگز تبدیل نہ کیا جائے، کالاش عمائدین کاپریس کانفرنس سے خطاب

چترال (نذیرحسین شاہ نذیر) کالاش وادیوں بمبوریت، رمبور اور بریر کے عمائدین نے حکومت خیبر پختونخوا سے اپیل کی ہے کہ چترال کے ڈپٹی کمشنر اسامہ احمد وڑائچ کو کالاش اقلیت کے مسائل حل کرنے میں غیرمعمولی دلچسپی کا مظاہرہ کرنے پر چترال سے ہرگز تبدیل نہ کیا جائے جس کے تبادلے کے لئے ضلعی حکومت کے کچھ عناصر سر توڑ کوششوں میں مصروف ہیں ۔

منگل کے روز چترال پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کالاش عمائیدین ثراوت شاہ، ایران بی بی، لعلی گل، کونسلر جام شاہی، عبدالرشید، عطائی جان اور دوسروں نے کہاکہ ڈی سی اسامہ کے تبادلے کے لئے کوششوں کی خبر جب کالاش وادیوں میں پہنچ گئی تو کالاش اقلیت میں کھلبلی مچ گئی اورہر چہرے پر افسردگی پھیل گئی اور تمام وادیوں کے عوام نے حکومت وقت تک اپنی فریاد پہنچانے کے لئے انہیں وادی سے بھیج دیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ اسامہ وڑائچ چترال میں اپنی تعیناتی کے گزشتہ ای سال کے دوران کالاش وادیوں کا بار بار دورہ کیا اور ان کے سرپر ہاتھ رکھ کر ان کی سرپرستی کی اور ان کی تحفظ کو یقینی بنائی اور گزشتہ سال کے سیلاب اور زلزلے سے متاثرہ نہروں اور سڑکوں کی بحالی میں ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے ان کی بحالی کو قلیل مدت میں ممکن بنایااوربمبوریت وادی کو ضلعے کے دوسرے حصوں سے ملانے کے لئے گمبایک ، رمبور اور بریر کے لئے پل کی تعمیر کرواکر اہالیاں وادی کے دل جیت لئے۔

انہوں نے کہاکہ کالاش اقلیت کو ایک عرصے بعد اسامہ احمد وڑائچ کی صورت میں ایک شفیق سرپرست مل گیا ہے اور وہ اس کی مہربانیوں سے مزید دو سال تک مستفید ہونے کا تمنا رکھتے ہیں تاکہ ان کے دیرینہ مسائل کی تعداد میں کمی آسکے اور ان کو بھی زندگی کی بنیادی سہولیات مل سکیں۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیاکہ پی ٹی آئی حکومت کالاش اقلیت دل جوئی کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اسامہ وڑائچ کا فوری تبادلہ رکوادیں گے بصورت دیگر کالاش وادیوں کے عوام میں مایوسی اور بد دلی پھیل جائے گی۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button