عوامی مسائل

نیٹکو ملازمت پیشہ خواتین اور خصوصی افراد کے لئے اربن ٹرانسپورٹ کا آغاز کرے گا، ترجمان

گلگت (پ ر) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ناردرن ایریازٹرانسپورٹ کارپوریشن ورکنگ ویمن اور خصوصی افراد کے لئے اربن ٹرانسپورٹ شروع کرے گا۔ اس سلسلے میں ابتدائی دفتری کاروائی مکمل کر لی گئی ہے۔ عنقریب نیٹکو مختلف روٹس پر رعایتی کرایوں کے ساتھ اربن ٹرانسپورٹ کا آغاز کرے گا۔ منیجنگ ڈائریکٹر ناردرن ایریازٹرانسپورٹ کارپوریشن محمد حسین اربن ٹرانسپورٹ کے انتظامات کی نگرانی خود کررہے ہیں جن میں روٹس کا تعین ،سٹاپس کا انتخاب اور گاڑیوں کی تیاری شامل ہے۔

ناردرن ایریاز ٹرانسپورٹ کارپوریشن گلگت بلتستان کے آفیسر تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان کے ویژن کے مطابق ورکنگ ویمن اور خصوصی افرادکی سفری مشکلات کے ازالے کے لئے اربن ٹرانسپورٹ کے پائلٹ پراجیکٹ پر کام کو حتمی شکل دی جارہی ہے اس مقصد کے لئے میپنگ ، روٹس اور گاڑیوں کے انتخاب کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ ناردرن ایریاز ٹرانسپورٹ کارپوریشن گلگت بلتستان کے آفیسر تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ اربن ٹرانسپورٹ کے کرایوں کے لئے بھی جدید حکمت عملی مرتب کرلی گئی ہے۔اور اس سلسلے میں ماہانہ بنیادوں پر کارڈز متعارف کرائے جارہے ہیں۔ وقت مقررہ پر ہر سٹاپ سے نیٹکو کی گاڑی چلے گی۔اور ادارے کی جانب سے متعین کردہ ہر سٹاپ سے خواتین کو لے کر ان کو ان کو منزل مقصود تک پہنچائے گی۔ابتدائی طور پر اس پراجیکٹ کا اطلاق گلگت تک ہوگا ۔اربن ٹرانسپورٹ کے پائلٹ پراجیکٹ کی کامیابی کے بعد اس کے دائرہ کار کو مزید اضلاع تک بڑھایا جائے گا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اربن ٹرانسپورٹ کی وجہ سے گلگت شہر میں ٹریفک کے مسائل بھی کافی حد تک کم ہوں گے۔ دریں اثنا منیجنگ ڈائریکٹر ناردرن ایریازٹرانسپورٹ کارپوریشن محمد حسین نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ نیٹکو گلگت بلتستان کا قومی اثاثہ ہے اور اس ادارے کے ثمرات کے دائرہ کار کو وسعت دی جارہی ہے۔ انہوں نے ورکنگ ویمن سے اپیل کی ہے کہ وہ اربن ٹرانسپورٹ کی کامیابی کے لئے نیٹکو کا بھر پور ساتھ دیں۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button