متفرق

ملک بھر کی طرح گلگت بلتستان میں بھی مردم شماری کا مرحلہ جلد شروع ہوگا، اقبال حسن

گلگت ( پ ر) ملک بھر کی طرح گلگت بلتستان میں بھی مردم شماری کا مرحلہ بہت جلد شروع کیا جائے گا جس کے بعد بلدیاتی انتخابات کے لیئے راہ ہموارہو جائے گی، صوبائی وزیر اطلاعات ، منصوبہ بندی و ترقیات اقبال حسن نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ملکی سطح پر ایک طویل عرصے کے بعد مردم شماری کا انعقاد بھی ہی خوش آئیند فیصلہ ہے اور گلگت بلتستان میں بھی نئے اضلاع کے قیام کے بعد اس کی بے حد ضرورت محسوس کی جا رہی تھی۔ مردم شماری کے نتائج سامنے آنے کے بعد نئی حلقہ بندیوں اور بلدیاتی انتخابات کے لیئے مرحلہ وار تیاریاں ممکن ہو سکیں گی، بلدیاتی انتخابات کے بعد بنیادی سطح پر ترقی کا عمل مزید تیز ہو گا اور دور دراز کے علاقے بھی تیز رفتار ترقی کے عمل میں شریک ہونگے۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ صوبے میں مختلف اضلاع میں آبادی کے تناسب سے وسائل کے بروقت استعمال اور مسائل کے حل کے لیئے مردم شماری ناگزیر ہو چکی تھی اور اس عمل کے مکمل ہونے کے بعد تمام محکمہ جات کو اپنے اہداف کے حصول اور نئے منصوبے شروع کرنے میں بھی آسانی ہو گی۔ صوبائی وزیر اطلاعات و منصوبہ بندی نے کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنر ز کی سربراہی میں مردم شماری کے حوالے سے انتظامات کرنے کے لیئے میٹنگز ہو رہی ہیں تاکہ ہر ضلع میں کامیابی سے مردم شماری کے مراحل طے کیئے جا سکیں۔

اپنے بیا ن میں وزیر اطلاعات گلگت بلتستان اقبال حسن نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت او ر اس کی تمام مشینری تندہی سے عوام مسائل کے حل کے لیے سر گرداں ہے ، وزیر اعلی گلگت بلتستان کی ہدایات کے تحت تمام محکموں کے وزراء نے اپنے محکموں اور زیلی اداروں میں سائلین اور عوام کے مسائل کے حل کے لیئے بہترین اقدامات کئے ہیں۔ انکا مزید کہنا تھا کہ ماضی کی نسبت گلگت بلتستان میں تمام صوبائی محکمے زیادہ پر اثر انداز میں کام کر رہے ہیں۔ محکمہ صحت ، ایکسائز، تعلیم اور دیگر اداروں میں میرٹ کی بنیاد پر تعیناتیاں کرنے کا اولین مقصد ایک ایسی ورک فورس اور انتظامیہ کا قیام ہے جو کہ جاں فشانی اور یکسوئی سے عوام کے مسائل حل کر سکے۔ موجودہ دور میں سفارشی کلچر اور پرچی مافیا ء کا خاتمہ کر دیا گیا ہے، عوام کو بھی یقین ہو چکا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت علاقے کی تعمیر و ترقی میں دلچسپی رکھتی ہے۔ بلا تفریق تمام اضلاع کی ترقی کو نصب العین بنا کر مسلم لیگ ن کی حکومت نے اہم اقدامات کئے ہیں۔ انکا یہ بھی کہنا تھا کہ مخالفین ایک بے بنیاد پرا پیگنڈا کا سہارا لے کر عوام کو گمراہ کرنے میں مصروف ہیں۔ تمام محکمے ٹیسٹ انٹرویوز کے بعد انتہائی شفافیت سے بھرتیاں کر رہے ہیں ۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ ہم سب کو یکجاء ہو کر خطے اور ملک کے وسیع تر مفاد میں ہراول دستہ بن کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button