عوامی مسائل

دفعہ 144 کے باوجود نومل گلگت میں غیر قانونی تجاوزات عروج پر ، مقامی افراد کا الزام

گلگت(فرمان کریم) ضلعی انتظامیہ کے مبینہ ملی بھگت سے چلمس داس اور فیض آباد میں غیر قانونی تجاوزات عروج پر ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دفعہ144نافذ ہو نے کے باوجود شاملات پر قبضہ فافیا کی غیر قانونی تجاوزات جاری ہیں۔ اہلیاں نومل کی جانب سے متعلقہ اعلیٰ حکام کودرخواست دینے کے باوجود غیر قانونی تجاوزات کے خلاف کاروائی عمل میں نہیں لایا جاسکا ہے۔

مسلے کی نشاندہی کرتے ہوے امین آباد پائین ، بالا، صدر الدین آباد اور مدینہ الکریم کالونی نومل کے مکینوں اور کمیٹی کے ممبراں عبداللہ خان، شکر اللہ بیگ، دولت خان، علی مدد امان اللہ بیگ ،امام یار بیگ اور شکر اللہ بیگ نے کہا کہ رواں ماہ کی 10تاریخ سے فیض آباد چھملس داس میں مبینہ لینڈ مافیا غیر قانونی تجاوزات کر رہی ہے۔ چیف سیکرٹری، ڈی سی گلگت اور اے سی گلگت کو اس معاملے کے بارے میں آگاہ کرنے کے باوجودشنوائی نہیں ہورہی ہے۔ اُنہوں نے الزام لگایا کہ اس غیر قانونی عمل میں ملوث افراد کو تحصیلدار کی پشست پناہی حاصل ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں جب وہ اے سی آفس اپنے مسائل لے کر گئے تو وہاں موجود تحصیلدار نے اسسٹنٹ کمشنر کے سامنے کمیٹی کے ممبراں پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔ اُنہوں نے کہا کہ تحصیلدار کی اس حرکت سے واضح ہوتا ہے کہ وہ لینڈ مافیا کی پشت پناہی کر رہا ہے۔

کمیٹی کے ممبران نے کہا کہ نومل سے تعلق رکھنے والے چند افراد پورے نومل والوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں۔ مستحق، یتیم اور بیوہ افراد کے زمین پر قبضہ کر چکے ہیں اور پشتنی اور غیر پشتنی باشندوں کی تفریق پیدا کر کےعوام میں اشتعال پھیلا رہے ہیں۔

اُنہوں نے مزید کہاکہ 1920سے ہم لوگ نومل میں رہائش پذیر ہیں اُس دور میں ہمارے آباواجداد کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت نومل کے تمام افراد کو اُن کے حقوق برابری کی بنیاد پر دینے کا وعدہ ہوا تھا۔ گاوں کے ترقیاتی کاموں میں برابر کے شریک ہیں لیکن چند افراد زمینوں پر ناجائز قبضہ کررہے ہیں۔ ایک فرد کے نام پر تین سے چار پلاٹ جعلی انتقالات کے ذریعے الاٹ کیے گئے ہیں۔

اُنہوں نے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان اور ہوم سیکرٹری سے اپیل کی ہے کہ چھلمس داس میں بندر بانٹ کو فوری طور پر روک دیا جائے اور اس میں ملوث تحصیلدار اور دیگر سرکاری ملازمین کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button