متفرقکوہستان

داسو ڈیم کے اطراف واقع دیہات میں متاثرین کو ٹرانسپورٹ کی مفت سہولت دی جائے، چیرمین واپڈا

کوہستان(نامہ نگار) کوہستان کے مقام پر زیر تعمیر داسوہائیڈروپاور پروجیکٹ کے معائنے کیلئے چیئرمین واپڈا اچانک ڈیم سائیٹ پر پہنچ گئے، تعمیراتی عمل کا جائزہ لینے کے بعد اطمینان کا اظہارکیا، متاثرین داسو ڈیم کیلئے مفت ٹرانسپورٹیشن اور صحت کی سہولیات فراہم کرنے کا اعلان۔

تفصیلات کے مطابق واپڈا کے چیئرمین جنرل (ر) مزمل حسین شاہ نے گزشتہ روز اچانک داسو ڈیم سائیڈ کا دورہ کیا۔ پی ٹی ڈی سی برسین کے مقام پر واپڈاحکام اور ضلعی انتظامیہ نے تقریب کا انعقاد کیا جس میں واپڈا اور انتظامیہ کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر چیئرمین واپڈا نے داسو ڈیم انتظامیہ کو حکم دیاکہ فوری طورپر متاثرین داسو ڈیم کے اطراف والے گاوں میں متاثرین کو ٹرانسپورٹ کی مفت سہولت دی جائے تاکہ لوگوں کو آمدورفت میں آسانی ہو۔انہوں نے جنرل منیجر سے کہا کہ متاثرین کی صحت کا خصوصی خیال رکھا جائے اور متاثرہ دروں اور دیہاتوں میں فری میڈیکل کیمپس لگائے جائیں ۔

اس موقع پر ایم پی اے عبدالستار خان بھی موجود تھے ۔ چیئرمین واپڈا سے بات چیت میں ایم پی اے عبدالستار کا کہنا تھا کہ کندیا ، دوگا، رازیکہ، جالکوٹ اور شناکی کی مختصر سڑکیں واپڈابنالے تو علاقے میں خوشحالی آئیگی۔ اس موقع پر چیئرمین واپڈا نے ایم پی اے عبدالستار خان کی والدہ کے ایثال ثواب کیلئے دُعابھی کرائی ۔

بعدازاں ہیلی پیڈ پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا جنرل (ر)مزمل حسین شاہ کا کہنا تھا کہ داسو ڈیم انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے ۔ اس کی تکمیل سے ملک میں روشنی پھیلے گی۔ انہوں نے بتایاکہ مقامی متاثرین کی فلاح و بہبود کیلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ کنٹریکٹر سائیٹ پر تیزی سے کام کررہا ہے ۔ داسو ڈیم کے تعمیراتی کام سے مطمئن ہوں ۔انہوں نے متاثرہ علاقے کے صحافیوں کی فلاح و بہبود اور ٹریننگ کیلئے جی ایم کو اقدامات کرنے کا بھی حکم دیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوہستان محمد آصف اور جنرل منیجر داسو ہائیڈروپاورپروجیکٹ جاوید اختر بھی موجود تھے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button