گلگت بلتستان

وزیر اعظم پاکستان بہت جلد ساز گار حالات میں نئے سیاسی سیٹ اپ کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔ ترجمان صوبائی حکومت فیض اللہ فراق

موجودہ حکومت ہی گلگت بلتستان کے تمام مسائل کے حل میں کردار ادا کرے گی, کاغذی جیالے اخباری بیانات تک محدود ہوکر سیاسی دکان چمکاتے رہیں گے جس کا حکومت اور حکومتی کام پر کوئی فرق نہیں پڑتا

گلگت (پ ر) ترجمان صوبائی حکومت فیض اللہ فراق نے اپنے ایک بیان میں واضح کیا کہ آئینی اصلاحاتی کمیٹی نے گلگت بلتستان کو نئے سیٹ اپ کے حوالے سے سفارشات کو مکمل کیا ہے اب اعلان ہونا باقی ہے۔ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف بہت جلد ساز گار حالات میں نئے سیاسی سیٹ اپ کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔ موجودہ حکومت اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کی مربوط کوششوں سے گلگت بلتستان کو اختیارات ملیں گے۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ اس خطے کو مالیاتی، سیاسی، معاشی اور انتظامی اختیارات مل جائیں گے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ گلگت بلتستان کے تمام مسائل کو پہلی مرتبہ وفاقی اور صوبائی سطح پر اٹھایا گیا ہے۔ ماضی کے ادوار میں مختلف حکومتوں نے خطے کو محرومیوں اور مایوسیوں کے سواء کچھ نہیں دیا۔ ماضی میں اداروں کو تباہ کیا گیا اور میرٹ کا قتل عام ہوا جس سے یہاں کے پڑھے لکھے نوجوانوں کے ذہنوں میں محرومیوں نے جگہ بنانا شروع کیا۔ ایسے حالات میں جب 2015ء میں گلگت بلتستان کے باشعور عوام نے پیپلز پارٹی کی حکومت کے کرتوتوں کا انتقام لیتے ہوئے انہیں مسترد کیا اور دو تہائی مینڈیٹ سے مسلم لیگ ن کو کامیاب کیا۔ موجودہ حکومت نے عوامی مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے عوامی مسائل کے ادراک اور حقوق کے حوالے سے ٹھوس اقدامات اٹھایا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی ولولہ انگیز قیادت نے وفاقی سطح پر گلگت بلتستان کے حقوق کا بھرپور دفاع کیا جس کے نتیجے میں پہلی مرتبہ وزیر اعظم سطح پر بننے والی آئینی اصلاحاتی کمیٹی میں گلگت بلتستان کو نمائندگی دی گئی۔ ترجمان نے واضح کیا کہ موجودہ حکومت ہی گلگت بلتستان کے تمام مسائل کے حل میں کردار ادا کرے گی کاغذی جیالے اخباری بیانات تک محدود ہوکر سیاسی دکان چمکاتے رہیں گے جس کا حکومت اور حکومتی کام پر کوئی فرق نہیں پڑتاہے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button