سیاست

محمد علی شیخ (مرحوم ) کے خاندان سے جو کوئی آگے بڑھے گاہم اس کی مکمل حمایت کریں گے۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان

نگر: وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ ا لرحمن کہا ہے کہ محمد علی شیخ (مرحوم )اور ان کے خاندان کی علاقے کیلئے خدمات قابل تحسین ہیں۔ محمد علی شیخ (مرحوم) کی شخصیت ایک زیرک سیاستدان اور ہر دل عزیز اور ٹھہراؤ طبیعت کے مالک تھے۔ دکھ کی اس گھڑی میں ہم مرحوم کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مرحوم کے گھرانے نے ہمیشہ اجتماعی مسائل حل کرنے اور علاقے کی تعمیر و ترقی کیلئے اپنے آپ کو وقف کر رکھا تھا۔ ہماری حکومت کا ہر ممکن تعاون محمد علی شیخ (مرحوم) کے خاندان کے ساتھ رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ ا لرحمن نے نگر غلمت میں محمد علی شیخ کے گھر میں مرحوم کے ورثاء، عزیز و اقارب اور عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ ا لرحمن نے مرحوم کی ایصال ثواب اور لواحقین کے صبرو جمیل کیلئے دعاکی۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ ا لرحمن نے اس موقع پر کہا کہ اس گھرانے نے نگر کی تعمیر وترقی کیلئے جو محنت کی ہے اس خدمت کو جاری رکھا جائے گا۔ اس حوالے سے مرحوم کے خاندان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ اس خاندان سے جو کوئی آگے بڑھے گاہم اس کی مکمل حمایت کریں گے۔ میری خواہش ہے کہ مرحوم کی وفات کے بعد ہمارے علاقے کے روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے روایتی انتخابات کے بجائے مرحوم کے خاندان سے جو بھی آگے آئے ہماری جماعت اس کی مکمل حمایت کرے گی۔ علاقے کی وسیع تر مفاد میں مرحوم کے خاندان کو ہمارا مکمل سپورٹ رہے گا۔ نگر کی تعمیر و ترقی کیلئے 60کروڑ کے اضافی منصوبے دیئے گئے ہیں ان تمام منصوبوں سمیت مرحوم ممبر قانون ساز اسمبلی محمد علی شیخ کے تمام منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ ا لرحمن نے اس موقع پر کہا کہ ہمارے صوبے میں سرکاری ملازمین کی وفات کے بعد ان کے ورثاء کیلئے پیکیج ہے لیکن منتخب ممبران اسمبلی جو وفات پاجاتے ہیں ان کے بچوں کی کفالت اور تعلیم کے حوالے سے کوئی پیکیج نہیں۔ گلگت بلتستان کے سیاستدان کی اکثریت جاگیر داروں میں سے نہیں ہوتی ہے۔ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام جماعتوں اور ممبران اسمبلی کی باہمی مشاورت سے جو ممبران اسمبلی وفات پاجاتے ہیں ان کے ورثاء کی کفالت کیلئے پیکیج پر قانون سازی کی جائے گی تاکہ ان کے بچوں کی تعلیم و تربیت اور کفالت کو یقینی بنایا جاسکے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button