متفرق

ایون اینڈ ویلیز ڈویلپمنٹ پروگرام کے سالانہ اجلاس میں نئی کابینہ کا انتخاب کیا گیا

چترال ( محکم الدین ) ایون اینڈ ویلیز ڈویلپمنٹ پروگرام (AVDP) کا پانچواں سالانہ جنرل اجلاس (AGM) دوسرے مرحلے میں چیرمین اور وائس چیرمین کے انتخاب کے ساتھ مکمل ہوا ۔ جس میں ممبر ڈسٹرکٹ کونسل چترال رحمت الہی دوسری بار بھاری اکثریت سے ووٹ لے کر اے وی ڈی پی کے چیرمین منتخب ہو گئے ۔ الیکشن میں اُن کے مد مقابل ظہیرالدین ،شمس الربی اور حیات خان نے بھی بطور امیدوار حصہ لیا ۔ تاہم رحمت الہی نے اپنے مدمقابل امیدواروں کے مجموعی ووٹوں سے زیادہ ووٹ حاصل کئے ۔ جبکہ دوسرے نمبر پر ظہیر الدین کے ووٹ رہے ۔ اس لئے طے شدہ فیصلے کے مطابق وہ وائس چیرمین قرار پائے ۔ اے وی ڈی پی بورڈ میں پانچ خواتین سمیت اُنیس ممبران نے اپنے ووٹوں کا استعمال کیا ۔ جن میں تین کالاش خواتین اور ایک مرد ممبر بھی شامل ہیں ۔ سابقہ تمام انتخابات سلیکشن کی بنیاد پر باہمی رواداری کے تحت انجام پاتے تھے ۔ لیکن اس مرتبہ کئی امیدواروں نے غیر معمولی طور پر چیرمین شپ کیلئے بطور امیدوار دلچسپی لی ۔ جس کی بنا پر سلیکشن سے فیصلہ ہونا ممکن نہ رہا ۔ اور با قاعدہ طور پر ووٹ دینے کیلئے بیلٹ پیپر استعمال کئے گئے ۔ تاہم الیکشن انتہائی پُر امن ماحول میں اور جمہوری انداز میں منعقد ہو ئے ۔ منیجر اے وی ڈی پی وزیر زادہ نے الیکشن کیلئے پریزائڈنگ آفیسر اور جاوید احمد و فضل امین نے معاون کا کردار ادا کیا ۔

الیکشن کے نتائج کے اعلان کے بعد چیرمین اے وی ڈی پی نے اپنے خطاب میں اس عزم کا اظہار کیا ۔ کہ در اصل اُن کا آپس میں مقابلہ ادارے کی بہتر خدمت کے جذبے کے تحت ہوا ہے ۔ اور وہ علاقے کی تعمیر وترقی پر یقین رکھتے ہیں ۔ انہوں نے تمام بورڈ ممبران کا شکریہ ا دا کیا ۔ اور کہا کہ یو سی ایون کے مسائل حل کرنے کیلئے بھر پور کوشش کی جائے گی اور بورڈ کے ممبران کے اعتماد کا پاس رکھا جائے گا ۔ وائس چیرمین ظہیر الدین نے ادارے کو مضبوط بنانے اور کمیونٹی کی توقعات پر پورا اتر نے کے عزم کا اظہار کیا ۔

قبل ازین اے جی ایم کا پہلا مرحلہ گذشتہ روز گورنمنٹ ہائی سکول ایون کے ہال میں منعقد ہوا ۔ جس میں ایون ، بمبوریت ، بریر اور رمبور کے مردو خواتین تنظیمات کے صدور اور نمایندگان کے علاوہ معززین علاقہ نے شرکت کی ۔ اجلاس کے مہمان خصوصی منیجر حبیب بینک ایون شبیر احمد اور صدر محفل کے فرائض مقامی معروف شخصیت جندولہ خان نے انجام دی ۔ چیر مین اے وی ڈی پی سیف اللہ کالاش نے اجلاس میں شریک تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔ اور کہا کہ انہوں نے اپنے دو سالہ ذمہ داریوں کے دوران علاقے کی تعمیرو ترقی کے حوالے سے اقدامات کی کوشش کی ہے ۔ تاہم اس کا فیصلہ تنظیمات ہی کر سکتے ہیں کہ ہم کہاں تک کامیاب ہوئے ہیں ۔ منیجر اے وی ڈی پی وزیر زادہ نے دو سالہ رپورٹ پیش کی ، اور کہا کہ ادارے نے پی پی اے ایف ، کنسرن ورلڈ وائڈ کے ساتھ انفراسٹرکچر پر کام کیا ۔ جس میں عوامی مفاد کے درجنوں منصوبے کامیاب ہوئے ہیں ۔ تاہم گمبیاک پُل کی تعمیر میں ٹیکنکی وجوہات کی بنا پر پُل کی دیوار کو شدید برفباری کے دوران نقصان پہنچا ہے ۔ جبکہ پُل اپنی جگہ موجود ہے ۔ جس کی بحالی کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یو ایس ایڈ کے مالی تعاون سے کالاش زبان و ثقافت کو محفوظ کرنے کے سلسلے میں بھی اہم کام ہوئے ہیں ۔ جس کی وجہ سے کالاش ثقافت کو معدوم ہونے کے خطرات سے بچانے میں کامیابی ملی ہے ۔ تاہم اس پر مزید کام کی ضرورت ہے ۔

مہمان خصوصی منیجر حبیب بینک ایون شبیر احمد نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا ۔ کہ اے وی ڈی پی ایک بہترین آرگنائزیشن ہے ۔ اور بڑے پیمانے پر تنظیمات کے مردو خواتین صدور اور منیجرز کی اس اجلاس میں شرکت اس بات کو واضح کرتا ہے ۔ کہ ادارے پر لوگوں کا بھر پور اعتماد ہے ۔ اور مقامی لوگ اسے اپنے علاقے کی تعمیرو ترقی کا ادارہ سمجھتے ہیں ۔ اور یہ اپنی نوعیت کا واحد جمہوری ادارہ ہے ۔ جو آزادنہ طور پر اپنے بورڈ ممبران منتخب کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ حبیب بینک ایون ترقیاتی کاموں کے دوران مالیاتی خدمات انجام دینے میں ادارے کے ساتھ ہے ۔ اور ہم ہر قسم خدمات کیلئے تیار ہیں ۔ لہذا بینک کی ترقی کیلئے تنظیمات اور ادارہ تعاون کریں ۔ صدر محفل سابق ممبر جندولہ خان نے اے وی ڈی پی کی دو سالہ کارکردگی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ اور یونین کونسل ایون کی تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار ادا کرنے پر اے وی ڈی پی کی تعریف کی ۔

بعد ازاں  اے وی ڈی پی کے بورڈ ممبران کے انتخاب کا عمل شروع ہوا ۔ اور رمبور ، بمبوریت ، ایون کی تنظیمات نے متفقہ طور پر سلیکشن کے ذریعے اپنے ممبران کا انتخاب کیا ۔ جبکہ بریر کے بورڈ ممبران کا انتخاب گذشتہ روز انجام پایا ۔ جس کے بعد چیرمین اور وائس چیرمین کے لئے انتخابات پیر کے روز منعقد ہوئے ۔ اور سابق ناظم موجودہ ممبر ڈسٹرکٹ کونسل رحمت الہی دوسری بار اے وی ڈی پی کے چیرمین منتخب ہوئے ۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button