ماحول

چترال: ژاژگا جنگل میں آگ لگنے سے سینکڑوں دیودار کے درخت جل کر خاکستر ہو گئے

چترال( محکم الدین) چترال کے معروف جنگل ژاژگا میں آگ لگنے سے سینکڑوں دیودار کے درخت جل کر خاکستر ہو گئے ۔ جبکہ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہ ہو سکی ہے ۔ مقامی ذرائع کے مطابق کیسو کے جنگل ژاژگا کے مقام پر پرشتوٹیک سے ملحق پولیردووٹیک میں گذشتہ رات آگ لگی ۔ جس سے ذرائع کے مطابق ایک وسیع رقبے پر پھیلے ہوئے دیودار کے جنگلات آگ کی لپیٹ میں آئے اور جل کر خاکستر ہو گئے ۔ اور مزید جنگلات کے جلنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ مذکورہ جنگل کا ایک سرا جنجریت کوہ سے جا ملتا ہے اور انتہائی گھنے جنگل کے نام سے جانا جاتا ہے ۔ آگ بجھانے کیلئے مقامی لوگ جنگل کی طرف جا چکے ہیں ۔ تاہم آگ پر قابو نہیں پایا جاسکا ہے ۔ اور آگ بجھانے میں مشکلات پیش آرہی ہیں ۔ چترال میں ہر سال جنگل میں آگ لگنے کے واقعات ہوتے ہیں ۔ لیکن محکمہ فارسٹ کے پاس آگ بجھانے کے لئے کوئی سسٹم موجود نہیں ہے ۔ جس کی وجہ سے آگ لگنے کے ایسے واقعات میں کروڑوں روپے مالیت کے قدرتی جنگلات آگ کی نذر ہو جاتے ہیں ۔ ادارے کی طرف سے ایسے واقعات کا سبب بننے والے افراد کی تفتیش اور مرتکب افراد کو سزا دینے کا بھی عمل موجود نہیں ۔ جس کی وجہ سے قدرت کے یہ نایاب باغات دن بدن تباہ ہو رہے ہیں ۔ جبکہ دوسری طرف حکومت ان کی افزائش کے نام پر اربوں روپے خزانے سے خرچ کرتی ہے ۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button