سیاحت

گلگت بلتستان سیاحت کے لئے موزوں ترین خطہ ہے، سیاحوں کی موثر سیکیورٹی یقینی بنائی جائے، چیف سیکریٹری

چلاس ( ڈسٹرکٹ رپورٹر ) چیف سیکرٹری گلگت بلتستان ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان سیاحت کیلئے موزوں ترین خطہ ہے ، یہی وجہ ہے کہ سیاح جوق در جوق یہاں آرہے ہیں ، سیاحوں کی موثر سیکورٹی اور انہیں زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائی جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زیرو پوائنٹ چلاس میں قائم ٹورسٹ انفارمیشن سنٹر کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر کمشنر دیامر ڈویژن طارق حسین ، ڈپٹی کمشنر دیامر دلدار ملک سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ اس دوران انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ سیاحوں کی سہولیات کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔ اندرون اور بیرون ممالک سے آنیوالے سیاحوں کو سیاحتی مقامات کے حوالے سے مکمل معلومات فراہم کی جائیں ۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر دیامر دلدار احمد ملک کو ہدایت کی کہ باباسر ٹاپ اور زیرو پوائنٹ پر قائم سیاحوں کی سہولت اور معلومات کیلئے قائم مراکز کو صحیح معنوں میں فعال کیا جائے ۔ انہوں نے بابوسر میں نوجوانوں کے مطالبے پر کرکٹ ٹورنامنٹ منعقد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے بابوسر پولو گراؤنڈ کی مرمت کیلئے درکار وسائل فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔

قبل ازیں فاریسٹ ریسٹ ہاوٴس بابوسر میں سیکرٹری جنگلات گلگت بلتستان سجاد حیدر نے جنگلات کی ری جنریشن کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جنگلات اگانے کا مقصد ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنا اور زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو خوبصورت علاقوں کی جانب راغب کرنا ہے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button