اہم ترین

بلدیاتی انتخابات منعقد کروانے کےلئے تحریک چلانے اور سپریم اپیلیٹ کورٹ میں پٹیشن دائر کرنے کا اعلان

غذر(فیروز خان) ضلع غذر کی سول سو سائٹی نے گلگت بلتستان میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لئے مہم چلانے کا اعلان کر دیا ۔جمعہ کے روز غذر پریس کلب میں معروف سیاسی وسماجی شخصیت سابق امیدوار ڈسٹرکٹ کونسل راجہ میر نواز میر نے ایک پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کروانے کے حوالے سے تحریک چلانے کا اعلان کر دیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے پاکستان کی سب سے بڑی عدالت سپریم کورٹ نے اپنے تاریخی فیصلے میں کہا تھا کہ مقامی حکومتوں کے قیام کے بغیر جمہوریت کا تصور ناممکن ہے اس تاریخی فیصلے کے بعد پاکستان کے تمام صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کروایا گیا اور اختیارات نچلی سطح پر منتقل کر دئے گئے۔لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ گلگت بلتستان کی افسر شاہی نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر کان نہیں دھرے ۔اس کی وجہ یہ ہے کہ افسر شاہی بلواسطہ یا بلاو سطہ عوام کو جواب دہ نہیں اور وہ اپنی مرضی کے مالک ہونے کی وجہ سے ترقیاتی منصوبوں کے لئے سالانہ کا مختص بجٹ من پسند علاقوں اور من پسند افراد میں تقسیم کر لیتے ہیں یہی نہیں بلکہ ان کے ترقیاتی بجٹ کے تقسیم کے طریقہ کار پر بھی سوالیہ نشان اٹھ رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سابق دور حکومت میں موجودہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے چیف کورٹ سے رجوع کر چکے تھے لیکن اب اقتدار میں آنے کے باوجود وزیر اعلیٰ چیف کورٹ کی رولنگ پر عمل نہیں کر رہے جس کی وجہ سے عوام میں شکوک و شبہات جنم لے رہے ہیں۔

ان کا مذید کہنا تھا کہ ایسا لگ رہا ہے کہ افسر شاہی کے ساتھ ساتھ موجودہ صوبائی حکومت بھی بلدیاتی نظام کی بحالی میں رکاوٹیں ڈال رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب وقت کا تقاضا ہے کہ ان اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کرنے اور مقامی حکومتوں کے قیام کے لئے عوامی سطح پر تحریک کا آغاز کیا جائے اسی حوالے سے باضابطہ طور پر پر غذر سے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے اس سلسلے میں ہم مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سماجی رہنماؤں اور سول سوسائٹی کے ممبران کو اس تحریک کا حصہ بنا ئینگے۔جبکہ دوسرے مرحلے میں تحریک کا دائرہ کار گلگت بلتستان کے دیگر اضلاع تک پھیلایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک چلانے سے قبل ہم وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنے پٹیشن پر دئے گئے فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کا ٹایم فریم واضح کرے، اور صوبائی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی زیر نگرانی گزشتہ بارہ سالوں کے دوران خرچ کئے گئے بلدیاتی بجٹ کا آڈٹ کروا لے، اور اس کی رپورٹ پبلک کی جائے۔اور اس آڈٹ کی روشنی میں اگر کوئی کرپشن منظر عام پر آجائے تو نیب سے تحقیقات کروا کر ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے ۔

انہوں نے صوبائی حکومت کو ایک ہفتے کا ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا کہ اگر صوبائی حکومت نے بلدیاتی انتخابات کے لئے واضح اقدامات نہیں کئے تو ایک سے دو ہفتے کے اندر ساتھیوں سے مشاورت کے بعد سپریم اپلیٹ کورٹ میں پٹیشن دائر کی جائے گی۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button