سیاست

صوبائی حکومت کے دروازے اسلامی تحریک کیلئے ہروقت کھلے ہیں، پیپلز پارٹی ووٹ خرید کر جیتا، ڈپٹی سپیکر کا بر میں خطاب

نگر(ایوب وزیری) ڈپٹی سپیکر گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی جعفر اللہ خان نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن گلگت بلتستان اور صوبائی حکومت کے دروازے اسلامی تحریک کیلئے ہر وقت کھلے ہیں حلقہ 4نگر میں کسی قسم کی ناانصافی نہیں ہونے دینگے،مرحوم رکن اسمبلی محمد علی حیدر کی درخواست پر وزیر اعلیٰ کی جانب سے منظور کیے گیے منصوبوں کے علاوہ ان کے سالا نہ ترقیاتی پروگرام کی سکیمیں ترجیحی بنیاد پر مکمل کی جائینگی اور ان منصوبوں پر کام کی نگرانی ہم خود کرینگے حلقہ4نگر میں کسی بھی قسم کی ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی صوبائی حکومت میرٹ کو اولیت دے رہی ہے اور میرٹ کیخلاف جہاں پہ کام ہوگا وہاں پہ بحیثیت ڈپٹی سپیکر آوازبلند کرونگا ،وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان علاقے میں ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے میں دلچسپی لے رہے ہیں اور متعلقہ اداروں کو اس بارے میں واضح احکامت جاری کر دئیے گئے ہیں گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبوں پر جاری کام کی خود نگرانی کر رہا ہوں اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں ہوگی۔

بر نگر میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان میں بلخصوص اور پاکستان بھر میں مذہبی منافرت پھیلائی ہے ،طالبان کی خالق جماعت بھی پیپلز پارٹی ہی ہے۔ گلگت بلتستان میں موجودہ پیپلز پارٹی کے قائدین ماضی میں مذہبی فسادات میں ملوث رہے ہیں۔ سانحہ لولو سر ،سانحہ بابو سر سمیت گلگت بلتستان بھر میں مذہبی فسادات کے دوران اس وقت کی حکمران جماعت پیپلز پارٹی نے ایف آئی آر تک کٹوانا گوارا نہیں کیا۔

انھوں نے کہا کہ نگر میں حالیہ ضمنی الیکشن کے دوران پیپلز پارٹی نے ووٹ بھی مذہب کے نام پر ہی لیا اور انتخاب کے دوران پی پی کے صوبائی قائدین نے مذہب کا غلط استعمال کیا۔ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے نگر میں انتخابی مہم کے دوران علماء کیخلاف ہرزہ سرائی کی اور ان کی توہین کی ہم صرف امن کی خاطر خاموش رہے ورنہ ہم بھی ان کو دندان شکن جواب دے سکتے تھے علماء کسی بھی مسلک سے تعلق رکھتے ہوں قابل احترام ہوتے ہیں ،پیپلز پارٹی نے وفاقی اورصوبائی طاقت کا استعمال کرنے کے باوجود بہت کم مارجن سے حلقہ 4نگر کے ضمنی الیکشن میں کامیابی حاصل کی جبکہ اسلامی تحریک حلقہ 4کے کارکنوں نے ان کا ڈٹ کر مقابلہ کیا حلقے میں پیپلز پارٹی کا زیادہ تر ووٹ خریدا ہوا تھا جبکہ اسلامی تحریک کا ووٹ علاقے کی ترقی کیلئے تھا۔

انھوں نے کہا کہ ماضی میں گلگت میں سیف الرحمن اورمحمد وکیل کے انتقال کے بعد انتخابات میں ان کو ہمدردی کا ووٹ ملا جبکہ نگر میں اس کے برعکس پیپلز پارٹی نے زد میں آکر اخلاقیات کو روندتے ہوئے پوری مرکزی طاقت کا استعمال کرکے معمولی فرق سے کامیابی حاصل کی جو کہ علاقے کیلئے نیک شگون نہیں۔

ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ اسلامی تحریک کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی امن کے داعی ہیں پاکستان مسلم لیگ ن ملک بھر میں امن کیلئے ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ،انھوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری میں نگر اور ہنزہ گیٹ وے کی حیثیت رکھتے ہیں ،اس میگا منصوبے میں دونوں اضلاع کوجائز حق ملے گا۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button