سیاست

سپیکر اور ڈپٹی سپیکر پر حق ملکیت کی تلوار لٹک رہی ہے، لینڈ مافیاز کی سرپرستی کرنے والے حواس کھو بیٹھے ہیں، سعدیہ دانش

گلگت(پ۔ر)پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ چوروں کے ساتھ مناظرہ نہیں بلکہ انکا محاسبہ کرینگے۔سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے سروں پر حقِ ملکیت کی تلوار لٹک رہی ہے۔اسلئے ایک نے اسمبلی میں بل روکا ہوا ہے اور دوسرے نے میڈیا پر محاذ کھولا ہوا ہے۔حقِ ملکیت تحریک حکمرانوں کے گلے کا پھندہ بن چکی ہے ڈپٹی سپیکر اور وزیر تعمیرات کی بڑھکیں چور مچائے شور کے مترادف ہیں۔لینڈ مافیاز کی سرپرستی اور زمینوں کی بندر بانٹ کرنے والے خوفزدہ ہو کر حواس کھو بیٹھے ہیں۔بعض لوگ پیپلز پارٹی کی دشمنی میں بد اخلاقی اور زبان درازی پر اتر آئے ہیں تاہم پیپلز پارٹی جمہوری، سیاسی اور شائستہ زبان میں مدلل،موثر اور دوٹوک جواب دے گی۔پیپلز پارٹی پر کرپشن کے الزامات لگانے والوں کے ڈھائی سالہ دورِ اقتدار میں گلگت بلتستان میں تو کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا البتہ ممبرانِ اسمبلی و کونسل نے ترقی ضرور کی ہے اور اپنے اثاثے اور بینک بیلنس میں اضافہ کیا ہے۔عدالتوں سے ثابت شدہ کرپٹ ترین شخص کے حق میں بیانات ثابت کرتے ہیں کہ کچھ لوگ احتساب کی زد میں آنے کے خوف سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں اور انکے دن گنے جا چکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا ہےکہ چوروں کا دفاع کرنے والوں کو اگر ذرہ برابر بھی احساس ہوتا تو آج وہ گلہ پھاڑ کر چیخنے چلانے کے بجائے استعفی دے کر گھر جا چکے ہوتے۔پیپلز پارٹی پر انتہائی پسندی اور مسلکی الزامات لگانے والوں کے ٹریک ریکارڈ سے پورا گلگت بلتستان واقف ہے۔پیپلز پارٹی کی بنیاد اعتدال پسندی پر رکھی گئی ہے۔اور ہماری قیادت سمیت ہزاروں کارکنوں کو انتہا پسندوں نے نشانہ بنایا ہے پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کھل کر دہشتگردی اور انتہا پسندی کی مذمت کی ہے۔ضیاء الحق نے کلاشنکوف،ہیروئن کلچر اور مذہبی منافرت کو ملا کر نواز لیگ کی بنیاد رکھی تھی جس کا خمیازہ پوری قوم آج تک بھگت رہی ہے۔نواز لیگ نے ہمیشہ دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کی پشت پناہی اور سہولت کاری کی ہے کیونکہ انکے اجزائے ترکیبی میں یہ عفریتیں شامل ہیں اسلئے ان کو کبھی دہشتگردی کا نشانہ نہیں بنایا گیا۔جو وزراء آج نواز شریف کے حق میں زمین و آسمان کے قلابے ملا رہے ہیں وفاقی حکومت کے خاتمے کے بعد سب سے پہلے دوسری جماعتوں کے دروازے پر دستک دے رہے ہونگے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button