اہم ترینسیاحت

شگر: سرفرنگا ڈیزرٹ ریلی 17سے 20اگست تک جاری رہے گا

اسلام آباد ( پ ر) گلگت بلتستان حکومت کی جانب سے شگر بلتستان میں پہلی بار جیپ ریلی "سرفرنگا ڈیزرٹ ریلی "کا انعقاد کیا جار ہا ہے جو کہ سرفرنگا صحرا شگر میں 17اگست سے 20اگست تک جاری رہے گا۔ شگر بلتستان میں حکومت گلگت بلتستان اور پاک وہیلز کے اشتراک سے منعقد ہونے والی جیپ ریلی میں 100سے زائد کار ڈرائیورز اور 50سے زائد بائیکرز شرکت کر رہے ہیں ۔ سرفرنگا کار ریلی کے موقع پر دیگر ثقافتی سرگرمیاں بھی منعقد کی جارہی ہیں جس میں ذخ، پولو، کلچر شو مے فنگ و دیگرمقامی کھیلوں ثقافتی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا ۔ شرکاء اور مہمانوں کے لیے ایک خوبصورت ٹینٹ ویلج قائم کیا گیا ہے۔ جیپ ریلی کے حوالے سے اسلام آباد میں ایک روڈ شو کا اہتمام کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری سروسز جنرل ایڈمنسٹریشن ، کیبنٹ و انفارمیشن ڈپارٹمنٹ وقار علی خان نے بتایا کہ اس ایونٹ کے انعقاد سے گلگت بلتستان کی ثقافت اور سیاحت کو ملکی و عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔

گلگت بلتستان پاکستان بھر میں پر امن خطہ ہے جہاں پر کرائم ریٹ بالکل ہی نہ ہونے کے برابر ہے اسی بناء پر اس خطے کو سیاحوں کے لیے سب سے موزوں قرار دیا گیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان سیاحوں کے لیئے جنت ہے، یہ پاکستان کا وہ خطہ ہے جہاں پر کئی خوبصورت وادیاں، جھیلیں، گلیشیرز اور کئی تاریخی مقامات ہیں جن کو ابھی تک دنیا نے نہیں دیکھا۔ سیکریٹری جنرل ایڈمنسڑیشن نے کہا کہ نجی شعبے کے اشتراک سے کرائی جانے والی ان تقریبات کے سبب خطے میں سیاحت سے وابستہ سرگرمیوں کو خوب فروغ ملے گا۔ ڈپٹی ڈائیریکٹر محکمہ اطلاعات وڈپٹی سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ ندیم ناصر نے بھی اس موقع پر روڈ شو میں شریک میڈیا کے نمائیندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں سیاحت دوست اقدامات کرنے کے سبب ہر سال لاکھوں کی تعداد میں موسم سرمامیں سیاح یہاں کا رخ کرتے ہیں۔ سیاحت کے سیزن کو بڑھانے کی خاطر مزید کئی اقدامات کیئے جا رہے ہیں جس کے باعث امید ہے کہ موسم سرما ء میں بھی یہاں آنے والے سیاحوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسی تقریبات اور مقابلوں کے انعقاد سے گلگت بلتستان کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے مزید واضح ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈیزرٹ ریلی کا انعقاد ہر سال کرنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ آنے والے سالوں میں اس پر امن خطے میں نہ صرف ملکی بلکہ غیر ملکی کار ڈرائیورز بھی شرکت کر سکیں اور پاکستان کا مثبت رخ دنیا کے سامنے آسکے۔ ڈائریکٹر ٹورزم سپورٹس اینڈ کلچر اقبال حسین نے بھی اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کا محکمہ سیاحت کے فروغ کے لیے اس طرح کی مزید مثبت اور رنگا رنگ تقریبات کا سلسلہ جار ی رکھے گا۔ اس موقع پر مقامی و غیر ملکی صحافیوں نے روڈ شو میں شرکت کی اور گلگت بلتستان حکومت کی جانب سے سیاحت دوست اقدامات کو خوب سراہا ۔ پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس اسلام آباد میں منعقد ہونے والے خصوصی روڈ شو میں ریلی کے شرکا ڈرائیورز اور بائیکرز نے اپنی گاڑیوں اور موٹر سائیکلز کے ساتھ شرکت کی ۔ َ ََ

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button