خبریں

صدر کی آمد پر سخت سیکیورٹی، ہنزہ میں کرفیو کا سماں، عوام محصور، سڑکیں اور بازار بند

ہنزہ ( بیورو رپورٹ ) صدر مملکت پاکستان ممنون حسین کی ہنزہ آمد ، کاروباری مراکز، ٹرانسپورٹ اور شاہراہ قراقرم سے مختلف علاقوں کی طرف جانے والے لنک روٹس مکمل طور پر بند کردیا۔

صدر پاکستان ممنون حسین کی ہنزہ آمد کے دوران مختلف علاقوں میں شٹر ڈاون کروانے کے علاوہ ٹرانسپورٹ اور شاہراہ قراقرم سے مختلف علاقوں کے لنک روٹس کو مکمل طور پر بند کرتے ہوئے علاقے میں کرفیو کا سماں پیدا کر دیا گیا۔ دوسری جانب تقریباً چار گھنٹے سے زائد وقت تک گلگت اور ہنزہ، نگر کے درمیان مسافر گاڑیاں کو بھی روک دیا گیا جس کی وجہ سے مسافروں ، طلباء ، خواتین، رہ گیروں کے علاوہ مریضو ں کو بھی سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انتظامیہ کی جانب سے عوام کو شاہراہ قراقرم پر سے گزرنے والے صدر پاکستان ممنون حسین کے قافلے کو ایک نظر دیکھنے پر بھی پابندی لگا دی گئی تھی۔

اس موقع پر بزنس ایسوسی ایشن ، ہوٹل انڈسٹری اور ٹرانسپورٹ یونین کے عہداداروں نے میڈیا کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح صدر مملکت کی آمد پر ہنزہ کے عوام ، کاروباری حلقے اور ٹرانسپورٹ کو محصور کیا گیا اس کی ہم بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہنزہ کی طرح آنے والے علاقے کو امن کا گہوارہ سمجھ کر آتے ہیں۔ انتظامیہ نے عوام کو نظر بند کیا اس سے علاقے کے عوام کی توہین کردی گئی ہے۔ ہنزہ کی روایات میں مہمان نوازی اپنی مثال آپ ہے۔ صدر مملکت کی ہنزہ آمد ہمارے لئے باعث فخر تھی، مگر سیکورٹی کے نام پر بازاروں، ٹرانسپورٹ ، لنک روٹس اور مریضوں کو جس طرح بند کیا گیا اس پر ہمیں انتہائی افسوس ہے۔

ہم فورس کمانڈر گلگت بلتستان ، چیف سیکرٹری گلگت بلتستان سے مطالبہ کرتے ہے کہ جس طرح سے صدر پاکستان کی آمد پر ہنزہ کے عوام کو نظر بند کیا گیا، اس کا نوٹس لیا جائے۔ سیکیورٹی کے نام پر علاقے کو بدنام کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش تھی کہ صدر پاکستان کا قافلہ جب ہنزہ کی سرزمین پر پہنچتا تو علاقے کے عوام ان کا گرم جوشی سے شاہراہ قراقرم ناصرآباد تا کریم آباد عوام شاہراہ قراقرم کے دونوں اطراف استقبال کرتے۔ لیکن عوام کو اس موقعے سے محروم کر دیا گیا۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button