تعلیم

امتحانات کے دوران کوہستان میں نقل پر مکمل پابندی لگائی جائے، بیرونی اضلاع سے طلبہ کو روکا جائے، تجویز

کوہستان(نامہ نگار ) کوہستان میں نقل پر مکمل پابندی کی تجویز سامنے آئی ہے جس کے تحت عوام کے تعاون سے ضلعی انتظامیہ بیرونی اضلاع کے طلباء کو کوہستان میں امتحان دینے سے روکے گی اور نجی اور سرکاری سیکٹر کیلئے مشترکہ کوڈ آف کنڈیکٹ دیدیا جائیگا جس کے سب پابند ہونگے جبکہ ایبٹ آباد بورڈ کے حالات سدھارنے کیلئے کوہستان سے سماجی کارکنوں پر مشتمل ایک گرینڈ کمیٹی تشکیل دی جائیگی جو دوران امتحان ،امتحانی مراکز پر لگنے والی بولیوں کی روک تھام کرکے ایماندار عملہ کی ڈیوٹی یقینی بنائے گی،اس سارے عمل کی تکمیل میں سکرٹری بورڈ کی حمایت بھی لی جائیگی ۔

گزشتہ روز گورنمنٹ ہائی سکول جالکوٹ میں آئی ٹی لیب کے افتتاحی تقریب سے خطاب میں مسلم لیگ ن کے ایم پی اے عبدالستار نے یہ تجویز پیش کرتے ہوئے شرکا کو بتایا کہ گزشتہ سال کوہستان کے طلباء پر جس انداز میں غیر مناسب مواد کے حصول پہ کیسز بنے ہیں اُن پر انہیں شرمندگی ہوئی ہے اور وہ تجویز پیش کرتے ہیں کہ نقل کا ہمیشہ سے خاتمہ ہو، کیونکہ اس سے ہماری نسلیں تباہ ہورہی ہیں اور اس سیکٹر سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے نقل کو اب ایک باقاعدہ کاروبار بنایا ہے اس ضمن میں بورڈ میں بھی بولیاں لگتی ہیں کہ کوہستان کے امتحانی مراکز میں ڈیوٹی کرنے کون جائیگا۔

اس تجویز پر ڈپٹی کمشنر کوہستان محمد آصف نے کہا کہ آئندہ سال دفعہ ایک سو چونتالیس لگاکر بیرونی اضلاع اور صوبوں کے طلباء کو کوہستان میں امتحان دینے سے روکا جائیگا اور جو بھی طالب علم نقل کرتے پکڑا گیا اُسے سخت ترین سزا ہوگی اگر استاد ایسا کرتے پکڑ اگیا تو اُس کے خلاف بھی کاروائی ہوگی بشرطیکہ عوام مکمل تعاون کرے۔ انہوں نے کہا کہ ان تجاویز پر عوام نے ساتھ دیا تو ہم دو قدم آگے جائیں گے اس لعنت کا مکمل خاتمہ کریں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ای او یجوکیشن مردانہ فدامحمد خان کا کہناتھا کہ نقل کے خاتمے کیلئے ہر حد تک جائیں گے ،موجودہ حکومت کی پالیسی اس بارے میں بہت واضح ہے ۔ انہوں نے تعلیمی میدان میں بہتریوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اب ہر کوئی اپنے بچے کو پرائیویٹ کے بجائے سرکاری سکول بھیج رہاہے کیونکہ معیار تعلیم بلند ہواہے ۔ آئی ٹی لیب کے افتتاح پر سٹیج سکرٹری زمرود خان نے جملہ سٹاف کی جانب سے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔عوام کی جانب سے پرنس فضل حق نے سکول اور علاقے کے مسائل شرکاء کے سامنے پیش کئے ۔ اس سے قبل ڈپٹی کمشنر اور ایم پی اے نے باقاعدہ آئی ٹی لیب کا افتتاح بھی کیا۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button