صحت

ہلال احمر کے زیرِ اہتمام سئی جگلوٹ میں عالمی یوم ابتدائی طبی امداد کی مناسبت سے تقریب منعقد

گلگت(پ ر) ہلال احمر گلگت بلتستان کے چیئرمین طارق حسین شاہ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان ایسا خطہ ہے جہاں پر ہروقت قدرتی آفات اور دیگر سانحات کے رونما ہونے کے خطرات موجود رہتے ہیں، ان آفات کے ممکنہ خطرات سے انسانی جان ومال کو تحفظ دینے کے لئے معاشرے کے ہرفردکوابتدائی طبی امداد یعنی فرسٹ ایڈ سے متعلق شعوروآگاہی کا ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہلال احمرکے زیراہتمام راشد منہاس(شہید) گورنمنٹ ہائرسکنڈری سکول سئی جگلوٹ میں عالمی یوم ابتدائی طبی امداد کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہلال احمرپاکستان علاقے میں قدرتی آفات کے متاثرین اور مصائب کے شکار افرادکی دادرسی کے علاوہ ابتدائی طبی امدادکی تربیت کے ایک منصوبے پر کام کررہا ہے جس کے تحت سکولوں ،کالجوں، یونیورسٹی کے طلباء وطالبات، سیکورٹی فورسز اور مختلف محکموں کے ملازمین کو جدید فرسٹ ایڈ کی تربیت فراہم کی جارہی ہے تاکہ وہ معاشرے کے لئے کارآمد شہری ثابت ہوسکیں۔ انہوں نے کہ ہلال احمر پاکستان کا مشن ہی یہی ہے کہ آئے روزکے واقعات سے نمٹنے کے لئے ہرگھرمیں ایک تربیت یافتہ فرسٹ ایڈر تیارکیا جائے تاکہ وہ مصیبت کے وقت اپنے گھراور محلے کی سطح کے لوگوں کے کام آسکیں۔ یہی پیغام ہمارا دین اسلام بھی ہمیں سیکھاتا ہے اور رسول پاکﷺ کی زندگی اس کا عملی نمونہ ہے۔ اس موقع پر سکول کے ہیڈماسٹر مالک شاہ نے جگلوٹ جیسے دورآفتادہ علاقے کے بچوں کو ابتدائی طبی امدادکی تربیت فراہم کرنے پر ہلال احمر گلگت بلتستان کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے اختتام پر چیئرمین ہلال احمر گلگت بلتستان طارق حسین شاہ نے دوروزہ ابتدائی طبی امدادکی تربیت حاصل کرنے والے طلباء اور استاتذہ میں اسناد بھی تقسیم کئے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button