عوامی مسائل

چترال کو گولین گول پاؤر پراجیکٹ سے 30میگاواٹ بجلی کی فراہمی دسمبر تک یقینی بنائی جائے۔مولانا عبدالاکبر چترالی

چترال (بشیر حسین آزاد) جنرل الیکشن 2018ء میں چترال سے جماعت اسلامی کا نامزد امیدوار برائے قومی اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی نے وفاقی حکومت سے پرزورمطالبہ کیا ہے کہ سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے اعلان کو عملی جامہ پہناتے ہوئے چترال کو گولین گول پاؤر پراجیکٹ سے 30میگاواٹ بجلی کی فراہمی کو اس سال دسمبر تک یقینی بنائی جائے جبکہ ایک اطلاع کے مطابق واپڈا حکام اس میں روڑے اٹکارہے ہیں۔ ہفتہ کے دن چترال پریس کلب میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں مولانا اخونزادہ رحمت اللہ، حکیم مجیب اللہ، حافظ فضل اللہ، شمشیر خان، جہانزیب خان ، حفیظ الدین اور دوسروں کی معیت میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال سابق وزیر اعظم نے چترال میں ایک جلسہ عام میں اعلان کیا تھا کہ گولین گول پاؤر پراجیکٹ کی پہلی فیز کی تکمیل کے بعد 30میگاواٹ بجلی دسمبر 2017ء سے چترال کو فراہمی شروع ہوگی لیکن معتبر ذرائع نے بتایا ہے کہ واپڈا نے پراجیکٹ حکام کو اس سے باز رہنے کا حکم دے دیا ہے اور خبر سے چترالی عوام میں کھلبلی مچ گئی ہے جوکہ ایک عرصہ دراز سے بجلی سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کوچاہئے کہ وہ سابق وزیر اعظم کے ا علان کو عملی جامہ پہنائے ۔

مولانا چترالی نے کہاکہ جوٹی لشٹ چترال کے مقام پر 30میگاواٹ کی تقسیم کے لئے بننے والی گرڈ اسٹیشن کے سامان بھی پہنچ گئے ہیں لیکن ان کی تنصیب کے کام میں تاخیر کیا جارہا ہے جوکہ قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایون، بروز ، گانگ اور گہیریت میں بھی بجلی کے پول لگانے کا کام مکمل کیا جائے اور لوٹ کوہ سب تحصیل کے تینوں یونین کونسلوں میں بھی فراہمی کو بھی یقینی بنائی جائے اور کوہ یونین کونسل سمیت جہاں صوبائی حکومت کے محکمہ پیڈو کے پول اور ٹرانسفارمر ہیں، انہیں بھی واپڈا کے حوالے کئے جائیں۔ مولانا چترالی نے کہاکہ پیڈو چترال میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے اس لئے اس کی اثاثہ جات کو واپڈا کے حوالے کیا جائے۔ انہوں نے گولین گول بجلی گھر کی تعمیر کے لئے سرمایہ فراہم کرنے پر سعودی عرب، کویت اور متحدہ عرب امارات کی حکومتوں کا بھی چترالی عوام کی طرف سے شکریہ ادا کیا۔

مولانا چترالی نے ریشن میں پیڈو کے ٹرانسفارمروں سے ریشن بجلی کے صارفین کو بجلی کی فراہمی فوری طور پر شروع کرنے اور بونی میں بل نہ ادا کرنے والوں کی بجلی کاٹ کر عام صارفین کو بجلی کی فوری فراہمی کا بھی مطالبہ کیا۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button