شعر و ادبکالمز

سِسکیوں سے پہلے

مجھے علم ہے کہ موجودہ دَور میں لوگ اِس قدر مصروف ہیں کہ سِسکیاں سننا تو کجا، اُن کے پاس نغمات سننے کا وقت بھی نہیں………… لیکن وقت کے اُجلے لباس سے خونِ جگر کی لالی یوں ہی نہیں اُڑ جاتی بلکہ دیکھنے والوں کے لیے…………!

ابھی میری آنکھوں کے دریچے خشک نہیں ہوئے………… اپنے نوجوان بھائیوں کی آوارہ مزاجی دیکھ کر بے اِختیار آنسو بھر آتے ہیں، جو آہستہ آہستہ ’’سِسکیوں‘‘ کی صورت…………!

مسلسل رونے اور رُلانے کے میرے اِس شغل نے کسی حد تک افرادِ ملت کو متوجہ کیا ہے………… دُکھ درد کی یہ حالت دیکھ کر بعض ساتھی دامن بچاکے چلتے بنے، مگر چند احباب آنسو پونچھنے آئے اور خود بھی…………. ایک دوست نے پوچھا…………. ’’سِسکیاں‘‘ کرب کے کس دریا کا حاصل ہیں؟ میں………….. چُپ رہا، وہ………… ہنس دیا۔ میں…………. رو پڑا۔ ’’مظلوم اِقبالؒ کی فریاد‘‘ ہمیں معلوم نہیں………… سرسید کی روح…………؟ میں نے قائد اعظمؒ کا لاغر جسم دو حصوں میں بٹا ہوا دیکھا ہے………… مسجد اقصیٰ کی چھت سے اُٹھنے والا دُھواں…………. میں نے یوم آزادی (۱۴؍ اگست) کو روزِ ماتم خیال کیا…………. ہم………….. سے جغرافیہ چھن چکا ہے……….. ہم صرف تاریخ کے مزاروں…………. کے مجاور بن بیٹھے ہیں۔ کلیم حیدر شررؔ نے کیا خوب کہا ہے ؂

سسکیاں بھر کے شررؔ کون وہاں روتا تھا

خیمۂ خواب سرِ شام جہاں پر ٹوٹا

’’سِسکیوں‘‘ کا کوئی اور سبب کیا بتاؤں؟ کاش کوئی اشک آشنا ہو………… میں چاہتا ہوں کہ…………. سِسکیاں جو پہلے محدود حلقے میں سنی گئی تھیں، اب کے لامحدود پیمانے پر سنائی دیں………… لہٰذا سِسکیوں سے پہلے اور بعد کا سارا درد و کرب، الفاظ و فقرات میں کفنا کے مختلف النوع نگارشات کی قبروں میں دفنا دیا گیا ہے…………!! سجاد شمسی نے خوبصورت شعر کہا ہے ؂

ہیں قہقہے کسی کے، کسی کی ہیں سسکیاں

شامل رہا خوشی میں کسی بے بسی کا شور

ایک انگریز شاعر ولکاکس ایک نظم میں کہتا ہے:

’’اگر میرے قلم سے نکلی ہوئی ایک سطر نے یا میری زبان سے نکلے ہوئے ایک لفظ نے میرے دوست یا دُشمن کے دِل کو کسی طرح تسکین بخشی ہے تو میرے لیے یہ دُنیا جہاں کی تمام نعمتوں سے افضل ترین نعمت ہوگی۔‘‘

’’جو کچھ میں نے کہا یا لکھا ہے، اگر اس سے میرے ہمسائے کا دِل ذرا سا بھی خوش ہوگیا ہے تو میں کہہ سکتا ہوں کہ میری زندگی کو اپنی محنت کا ثمر مل گیا۔‘‘

’’میں نے دُنیا میں جو کام کئے ہیں، اگر ان میں سے کسی ایک کے باعث بھی کسی مغموم دِل کا غم گھٹ گیا ہے۔ اگر میری کسی کوشش کی بدولت جُھکی ہوئی پلکیں اُٹھ کر فردا کی درخشانی کی اُمیدوار بن گئی ہیں تو خواہ دُنیا کو معلوم ہو یا نہ ہو اور اسے میرا خیال آئے یا نہ آئے خواہ دُنیا کو معلوم نہ ہوسکے اور وہ مجھے کبھی داد نہ دے، لیکن پھر بھی میں اپنے دِل سے یہی کہتا کہ میری زندگی اور محنت ٹھکانے لگ گئی۔‘‘

’’اگر میں نے کسی طرح بھی کسی ہستی کو امداد دی یا کسی روح کو خوشی بخشی ہے تو میں یہی سمجھتا رہوں گا کہ میری خوشی کا جام لبالب بھر گیا ہے۔‘‘

قارئین! بس یہی جذبہ اِس کتاب کی تحریر کا باعث بنا۔ میں دو چار باتیں بہت یقین سے جانتا ہوں، ان میں ایک بات یہ ہے کہ میں اپنے قاری کو جانتا ہوں اور اس سے واقف ہوں۔ اپنے پیارے وطن پاکستان اور ارضِ شمال گلگت بلتستان کے طول و عرض کے دوروں میں دو کام میں نے تاریخی عمارتوں اور حسین منظروں سے ان عمارتوں کے پچھواڑے اور ان منظروں کے پرے رہنے والے اِنسان کو قریب جاکر دیکھا ہی نہیں………… اسے محسوس کیا………… اسے جانا ہی نہیں………… اسے سمجھا…………. اس نے تو مجھے صرف دِل میں بٹھایا…………. میں نے اسے اپنے شعور کے نہاں خانوں میں بٹھا دیا………… اب سر اور تال میرے ہیں سنگیت ان کی……….. میں اس لیے نہیں لکھ رہا ہوں کہ میں لکھوں اور وہ پڑھے……….. بلکہ اس لیے لکھ رہا ہوں کہ میں لکھوں اور وہ میری تحریر کا حصہ بن کر رہے۔ دُور کے اس رشتے میں بلا کی قربت ہے………..!!

مغرب میں اکثر مصنفوں سے یہ کہا جاتا ہے کہ اپنے قاری کو بیان کیجئے۔ میرا قاری صبح سائیکل یا بس پر یا اپنی چھوٹی سی پُرانی کار میں بیٹھ کر پڑھنے یا کام کرنے جاتا ہے۔ راستے بھر دُنیا کو دیکھتا جاتا ہے۔ ہر روز کے منظر میں نئی نئی باتیں تلاش کرتا جاتا ہے کہ تجسّس اس کی ذات کا حصہ بن چکا ہے۔ کسی بات پر تبسم کرتا ہے………… کہیں فکر میں پڑ جاتا ہے………… کہیں اُداس ہو جاتا ہے………… لیکن مایوس نہیں ہوتا………… مایوسی اُنگلی پکڑ کر ساتھ چلنے کے لیے مچل جائے تو اس کے ملگجے لباس کے اندر چُھپی ہوئی کوئی آس ڈھونڈ نکالتی ہے اور پھر باقی سارا راستہ اسی پُراُمید ہمراہی کے ساتھ طے کرتا ہے۔ بات کو ایک اشارے میں سمجھتا ہے لیکن دیکھنے والے سوچتے ہیں کہ نہیں سمجھا………… بات کرتا ہے توسلجھی ہوئی اور دھیمے لب و لہجے میں………… جس کا کوئی فقرہ پیچیدہ نہیں ہوتا اور جس کا کوئی لفظ دُشوار یعنی مشکل نہیں ہوتا۔ وہ شب کو رات کہتا ہے اور ہنوز کو ابھی………… اس کی گفتگو میں لفظ ’’تاہم‘‘ ایک بار بھی نہیں آتا اور یہ تو اس نے ٹھان رکھی ہے کہِ اس حوالے سے، اور اُس حوالے سے، کی گردان جیتے جی نہیں کرے گا۔ وہ اُردو ادب بھی پڑھتا ہے، لیکن اپنی باتوں میں نہ تو کبھی یوں کہتا ہے کہ یہ معاملہ فلاں چیز سے جڑا ہوا ہے اور کبھی یہ کہتا ہے کہ اس مسأے کو لے کر ایک کانفرنس ہو رہی ہے۔ کبھی وہ پھولوں کو دیکھ کر سرشار ہوتا ہے………… اور کہیں آبشار دیکھ پائے تو کھل اُٹھتا ہے………… وہ پانی سے بھرے ہوئے بادلوں سے رس کی بوندیں اور مشرق سے لالی بکھیرتا سورج دیکھتا ہے تو اُسے اپنے دِل کے اندر چھپی ہوئی صداقتوں کی تصدیق نظر آنے لگتی ہے………… تب وہ اپنی کتاب نکالتا ہے………… اور جن ورقوں کے بیچ اس نے بڑے سلیقے سے بس کا ٹکٹ رکھا تھا، اس جگہ سے ورق کھول کر پچھلی رات والی عبارت سے آگے پڑھنے لگتا ہے………… وہ جو کچھ پڑھ رہا ہوتا ہے وہ اس کے چہرے پر عیاں ہوتا جاتا ہے اور وہ جو اس کے چہرے سے عیاں ہوتا ہے، اسے ہماری طرف آسودگی کہتے ہیں۔ بس یہ ہے آج کے تمام سوالوں کا جواب کہ ہم کیوں لکھتے ہیں اور کس کے لیے لکھتے ہیں!

قارئین! کلیاتِ کریمی کی پہلی جلد ’’فکرونظر‘‘ کے دیباچے میں آپ سے وعدہ کیا تھا کہ بہت جلد کلیاتِ کریمی کی دوسری جلد بھی آپ کی خدمت میں پیش کی جائے گی۔ آج مجھے بے حد خوشی ہو رہی ہے کہ اِس کی دوسری جلد ’’سِسکیاں‘‘ کے ساتھ ایک دفعہ پھر آپ کی خدمت میں حاضر ہونے کا شرف حاصل کر رہا ہوں۔ مجھے اُمید ہے کہ آپ میری پہلی کتابوں کی طرح اِس نئی کتاب کی بھی خوب پذیرائی کریں گے۔ اِس کتاب میں کچھ اہم مقالات کے ساتھ وہ خطوط بھی شامل کئے گئے ہیں جو ہمارے مہربان قارئین اور کچھ قابلِ قدر شخصیات نے ہمیں بھیجے تھے۔ اِن کے علاوہ ان نامور کالم نگاروں کے چند مضامین بھی شامل کئے گئے ہیں جنہوں نے ہماری پہلی کتابوں پر مختلف اخباروں میں تبصرہ کیا تھا۔ میری بعض تحریروں پر کچھ صحافی دوستوں کے ردِعمل مختلف اخبارات میں شائع ہوئے تھے، ان کو بھی اِس کتاب میں جگہ دی گئی ہے۔ ہم اِن صفحات کے ذریعے ان احباب کے دِل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہیں۔ مجھے آپ سب کی محبت کا احساس ہے۔

قارئین! محترمہ ڈاکٹر شمع خالد (مرحومہ) جن کو مرحومہ لکھتے ہوئے میرے قلم کو بریک لگ جاتی ہے۔ گلگت بلتستان کی پہلی خاتون گورنر اور ایک علمی و ادبی گھرانے کی صاحبزادی ہونے کی وجہ سے راقم نے جب محترمہ کو اِس کتاب کا مسودہ دیتے ہوئے اِس پر رائے دینے کی خواہش کا اِظہار کیا تو بصد خوشی اُنہوں نے قبول کیا اور مجھے یاد ہے، جب گلگت بلتستان ہاؤس اسلام آباد میں وہ ایک ملاقات میں مجھے اپنے تأثرات کے ساتھ مسودہ واپس کر رہی تھیں تو اُنہوں نے بڑی محبت سے میرے کندھوں پہ ہاتھ رکھ کر کہا تھا۔’’کریمیؔ صاحب! گلگت بلتستان کو آپ جیسے ہونہار نوجوانوں کی ضرورت ہے جو اس بکھری ہوئی قوم کو شعور دے سکے۔‘‘ میں محترمہ کے ان الفاظ کو اپنے لیے متاعِ زیست سمجھتا ہوں۔

محترم عطاء اللہ شہابؔ صاحب کی محبت کا ذکر کئے بغیر میں اِس کتاب کو نامکمل سمجھتا ہوں، جب مختلف اخبارات میں میرے کالم چھپتے تو شہابؔ صاحب اسی لمحے فون کرکے مجھے بھرپور داد دیتے۔ آپ نے اپنی بے اِنتہا مصروفیات کے باوجود کتاب پڑھی اور اپنے قابلِ قدر تأثرات سے بھی نوازا۔ اِس کے علاوہ میرے دوست ڈاکٹر علی مدد شیر وزیرتعلیم گلگت بلتستان کا شکریہ جنہوں نے اس کتاب کا مسودہ پڑھا اور اپنی مصروفیات کے باوجود اپنے تأثرات قلمبند فرمائے۔

میرے دوست احمد سلیم سلیمیؔ کا از حد شکریہ جنہوں نے اپنی بے پناہ مصروفیات کے باوجود کتاب کی نظرثانی کی اور اپنے مشوروں سے نوازا۔

میں ان تمام محسنوں کا ممنون ہوں، جنہوں نے اِس کتاب کو آپ تک پہنچانے میں میری مدد کی۔

بے پناہ محبتوں کے ساتھ آپ کا اور صرف آپ کا۔

…………………………………………………..

کلیاتِ کریمی کی دوسری جلد ’’سسکیاں‘‘ کا دیباچہ۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

متعلقہ

یہ بھی پڑھیں
Close
Back to top button