کالمز

ایک خونی معاشرہ

شیر زمان خان

میں ایک خونی معاشرے میں سانس لے رہا ہوں جس کا خمیر ازل کی متعفن نفرتوں سے اٹھا ہے۔ اس کی بنیادوں میں تعصب اور تنگ نظری کا ضماد ہے۔ اس میں بسنے والے انسانوں کی مثال بھیڑیوں کے غول کی سی ہے ،جس کا باہمی ربط اور اشتراک محض خون بہانے اور چاٹنے تک محدود ہے ،   اس  کا  اورکوئی تعارف نہیں۔اپنے لیے اس پہچان کا انتخاب میں نے خود کیا ہے۔ میں نے انسانی قدروں اور رویوں کویکسر مسترد کر دیا اور ان کریہہ رویوں کو اپنا لیا ، جو   صرف جانوروں اور قبل از مسیح کے وحشیوں کو زیبا ہیں۔ان رویوں نے مجھے انسانیت کی معراج سے حیوانیت کی پستیوں میں گرا دیا ہے ، میں ننگِ انسانیت اور ننگِ وجود ہوں۔

دراصل نفرت میرا بیوپا ر ہے ۔میں نے انسانوں کو ذات ، قبیلے ، رنگ نسل ،مذہب اور فرقوں میں تقسیم کر رکھا ہے۔میں ان میں اختلاف تقسیم کرتا ہوں اور تفریق خیرات۔میں انھیں صبح شام یقین دلاتا ہوں کہ ان کی ذات معتبر، ان کا رنگ مناسب، ان کا مذہب سچا اور ان کا عقیدہ عین منشائے ایزدی ہے۔ ان کی ذات ، فرقے  اور عقیدے  کی بڑائی مسلمہ ہے اور ان سے ذرہ برابر اختلاف عین کفر و بدعت ہے۔ اس نظریے کے نفاذ کے لیے میں  دلیلیں اور فتوے بیچتا ہوں ۔ یہ مجھے رزق بہم پہنچاتے ہیں اور مقابلے کے کٹھن دور میں اثررسوخ اور زندگی کی آسائش بھی۔

یہ کام بظاہر آسان دکھائی نہیں دیتا ۔اس کے لیے مجھے معاشرے کے اجتماعی فکر و شعور کو  سلب کرنا پڑتا ہے۔ عقل کو تعصب کی کوٹھڑی میں بند کرنا ہوتا ہے۔ مجھ سے اختلاف کرنے والے کو کافر اور ملحد ٹھہرانا پڑتا ہے ، اس کے موت کے نامے پر دستخط کرنا ہوتے ہیں۔میں صرف ایک مخصوص سوچ کی ترویج کرتا ہوں، جو محدود نظریات کی پائپ لائن سے گزر کر اجتماعی عدم رواداری کے حوض میں گرتی ہے۔  میں ایک عام انسان ہوں۔ میری بات اتنی اہمیت و افادیت نہیں رکھتی ۔ ممکن ہے کہ پڑھے لکھے نوجوان جن کے ذہن مغربی فلسفیوں کے نظریات سے آلودہ ہیں، میری بات کو چٹکیوں میں اڑا دیں، لہٰذا میں قرآنی تعلیمات و احادیث کو اپنے افکا ر کے مطابق  توڑ مروڑ کر پیش کرتا ہوں، میں اپنے افکار کو اسلامی نظریات کے شیرے میں بھگو کر عوام کو پیش کرتا ہوں۔ تاکہ کسی آزاد خیال کو اختلاف کی صورت نہ ملے ۔ اس سے ہر بات قابل قبول ہوتی ہے  اور جزو ایمان ٹھہرتی ہے۔میری دکان عوام الناس کے اندھے اعتقاد اور مذہبی جنون کے پایوں پر کھڑی ہے۔ قرآن اور حدیث  گویا میری طاقت ہیں۔ عوام قرآن و حدیث کے تعلم  میں میرے دست نگر ہیں ۔ میں نے یہ بات ان کے لاشعور میں بٹھا دی ہے کہ مذہب کے اسرار و رموز صرف میں ہی منکشف کر سکتا ہوں اور ان دینی علوم سے متعلق ان کا  جدوجہد اور غور و فکر سعئ لا حاصل ہے۔ پس معاشرہ دینی و دنیاوی زندگی میں سمت کے تعین کے لیے بہ رضا و رغبت اپنی باگیں مجھے تھما دیتا ہے ۔ مجھے اختیار ہے کہ ان کے لیے جس رستے کا چاہوں انتخاب کروں اور جس سے چاہوں ، روکوں ۔

ہر بیوپار  ی کی طرح میری بھی خواہش ہے کہ  میرا کاروبار عروج پر ہو۔دوسرے بیوپاریوں سے میری مسابقت چلتی رہتی ہے۔ہمارے کاروبار کو فکری لحاظ سے بیمار معاشرے راس ہیں۔علمی وفکری لحاظ سے آزاد معاشروں  میں یہ کاروبار پنپ نہیں سکتا۔ علم اعققادات اور رسوم و رواج کو عقل کی کسوٹی سے پرکھنے کا پرچار کرتاہے۔ علم مذہب کو  جمود سے نکالنے کی سعی کرتا ہےاور اس کی بنیادیں عقلی دلائل اور سائنسی براہین پر استوار کرنا چاہتا ہے۔باالفاظ دگر جدید علم اس خول کو مسمار کرتا ہے جو میں نے صدیوں کی محنت شاقہ سے معاشرے کے فکر و شعور کے گرد تعمیر کیا ہے۔ پس اس کے سوا چارہ نہیں کہ میں جدید علم کو کفر ،الحاد اور بدعت کہہ کر اس کا ناطقہ بند کردوں۔ اس کے لیےمیں نے ایسے تمام لوگوں کے خون سے ہاتھ بھی رنگے جو معاشرے کو ایک متبادل نظام دے کر میرے پیٹ پر لات مارنا چاہتے تھے۔میں نے سائنس کو مغرب کی سازش اوراسلام سے متصادم قرار دیا  ، میں ہر ممکن کوشش کی کہ لوگوں کو سائنسی تعلیم سے محفوظ رکھا جائے  جو فرد کو سوال اٹھانے، غور وفکر کرنے اور شعوری فیصلے کرنے کی طرف راغب کرتی ہے۔ اس سے میرا اختیار ختم ہوتا ، میرا اثر رسوخ ملیامیٹ ہوجاتا اور قریب تھا کہ میں اس معاشرے کے عضو معطل بن کر رہ جاتا۔

مجھے قدم اٹھانے کی ضرورت تھی، میری بقا کا سوال تھا، میں نے اپنا بیوپار تیز کردیا، میں نے نفرتوں کی سپلائی تیز کر دی، میں نے ہر دوسرے گروہ کو مرتد قرار دیا، ہر تیسرے فرقے کو قابل گردن زنی قرار دے دیا، میں نے لوگوں میں نفرت بھر دی اور انھیں متشدد بنادیا۔ میں نے قتل و غارت کو جزو ایمان ٹھہرایا اور اس کے لیے ابدی انعامات اور سرخروی کی منادی کرا دی، میں نے معاشرے کو خون کا پیاسا بنا دیا، مذہب کو بھٹی اور انسانی جان کو اس کاایندھن بنا دیا۔۔ میرا کاروبار عروج پر پہنچ گیا۔دولت اور طاقت پیروں کی خاک تھی۔

ہر عروج کو زوال ہے۔پس صورت حال تشویش ناک ہے،کیونکہ معاشرہ فرینکن سٹائن کا درندہ بن چکا ہے۔ میں نے جس درندہ کو جنم دیا تھا وہ اب میرے قابو میں نہیں رہا۔معاشرہ ایک ایسا کھولتا لاوا بن چکا ہے جس پر کسی کا بس نہیں چلتا اور یہ اپنے رستے میں حائل ہر سنگ کو خشت کو نیست ونابود کرتاجاتا ہے۔لوگوں کی رگوں میں خون کی بجائے نفرتوں کا متعفن پس گردش کرتا ہے ۔تعصب نے ان کی بصیرت و بصارت کو زائل کردیا ہے۔انسانی خون اور گوشت ان  کا کھاجا ہے ، مگر ان کا نفس کبھی سیراب نہیں ہوتا۔ آدم خوروں کا یہ انبوہ دانتوں سے خون ٹپکاتا ، بستیاں تاراج کرتا، لاشیں گراتا، بھنبھوڑتا،آگے بڑھتا جارہا ہے۔

گومیں آگے چلتا ہوں مگراب میں اس بِھیڑ کا قائد نہیں۔ اب ان کا جنون انھیں راہ دکھاتا ہے، روز روز نئی پستیوں کی طرف ان کی رہنمائی کرتا ہے ۔میں نے درندوں کے اس غول کو شکار کرنا سکھایا ہے، ان کے منہ کو خون لگ چکا ہے،اب انھیں روکنا اور ان  کی راہیں مسدود کرنا میرے اختیار میں نہیں۔ پس میں ان کے آگے آگے بڑھتا جا رہاہوں۔ آگے تباہی ہے ، بربادی ہے، مگر اب میں رک نہیں سکتا ، میں اس بِھیڑ کو یہ نہیں بتا سکتا کہ میں اتنے سالوں تک تمھیں جو سکھاتا  رہا ،وہ سب غلط تھا،میں نے تمھارے دماغوں میں فتور بھر ا ۔ میرے افکار، میرے نظریات میری دین داری محض ایک ڈھکوسلہ تھا۔میں نے اپنے فائدے کے لیے تمھاری انسانیت چھین کر تمھیں حیوان بنا دیا۔

میرا ضمیر مجھے اکساتا ہے کہ میں سچ بول دوں اور اس جم غفیر کو اس غیر فطری موت سے بچا لوں، جو نہایت تیزی سے ان کی طرف بڑھ رہی ہے، مگر میں   نہیں کرسکتا۔ پس مجھے  اپنی لگائی ہوئی آگ میں جل مرنا ہوگا۔ان سے پہلے اس تباہی سے دوچا ر ہونا ہوگا۔ میں جانتا ہوں کہ یہ بے وقوف بھی میرے پیچھے اس کھائی میں کود پڑیں گے، مگر یہ میری انا کی فتح ہوگی ، چاہے میرے ضمیر کی شکست ہو۔

شیرزمان خان نے ایف سی کالج لاہور سےابلاغ عامہ کی تعلیم حاصل کی ہے ۔وہ پاکستان میں ادبی صحافت کا احیا کرنا چاہتے ہیں۔ ان تک اپنی آرا پہنچانے کے لیے رابطہ کیجیے۔zamanpunyali@gmail.com ان کی دیگر تحریریں ان کے بلاگ پر پڑھی جا سکتی ہیں۔ http://gbvista.blogspot.com

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button