گلگت بلتستان

دھرنے دینے والے موجودہ نظام کو رول بیک کرنا چاہتے ہیں: وزیر اعلی سید مہدی شاہ

20-4-14 (3)
گلگت (پریس ریلیز) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا ہے کہ گندم سبسڈی کے نام پر دھرنوں کے پس پردہ حقائق کچھ اور ہیں چند لوگ موجودہ نظام کے خلاف سازشیں کررہے ہیں گلگت بلتستان کے عوام پر امن اور باشعور ہیں دھرنوں اور ہڑتالوں کی سیاست کرنیو الے سسٹم کو رول بیک کرنا چاہتے ہیں موجودہ نظام بہت جدوجہد کے بعد ملا ہے سسٹم کے رول بیک ہونے سے صرف حکومت کو نقصان نہیں ہوگا بلکہ پورے گلگت بلتستان کے عوام کا نقصان ہوگا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے گلگت بلتستان کے عوام، طالب علموں اور تاجروں سے اپیل کی ہے کہ وہ دھرنوں کی سیاست کرنیو الوں کا حصہ نہ بنیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گلگت بلتستان میں عوامی حکومت ہے ہماری اولین ترجیح عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ اگر کوئی سیاسی جماعت کسی مسئلے کو حل کرنے میں مخلص ہے تو اپنے سیاسی منشور میں شامل کرنے اور آنے والے الیکشن میں اگر عوام منتخب کرتے ہیں تو جمہوری انداز میں اپنے منشور پر عمل کرتے ہوئے عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے جدوجہد کریں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ عوام دھرنوں اور جلسوں کی سیاست کرنے والوں کے عزائم کو سمجھیں دھرنے دینے والے عوام اور علاقے کی خدمت نہیں کررہے ہیں بلکہ عوام کے مسائل میں مذید اضافہ کررہے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم عوامی لوگ ہیں اور عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ ہمارے دروازے ہمیشہ مذاکرات کیلئے کھلے ہیں کھبی کسی مسئلے کا حل دھرنوں سے نہیں نکلا ہے۔
ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے صوبائی وزراء و ممبران اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گلگت بلتستان دیگر صوبوں کی نسبت انتہائی حساس صوبہ ہے۔ دھرنوں کی سیاست کرنے والے عوام کو یرغمال بنا کر کسی اور ایجنڈے کی تکمیل چاہتے ہیں گلگت بلتستان کے پر امن اور باشعور عوام دھرنوں اور ہڑتالوں سے دور رہیں۔ گلگت بلتستان کے عوام کسی نئی آزمائش کی متحمل نہیں ہوسکتے ہیں۔
Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button