گلگت بلتستان

"الیکشن کے قریب آتے ہی موسمی پرندوں نے سکردو اور گلگت کا رخ کرلیاہے”، وزیر جعفر

گلگت (پ ر) سینئر وزیر محمد جعفر نے کہا ہے کہ الیکشن کے دن قریب آتے ہی موسمی پرندوں نے گلگت اور سکردو کا رخ کر لیا ہے اور حکومت پر بے سرو پا الزامات لگا کر اپنا اور عوام کا وقت بر باد کر رہے ہیں ، گندم اور عوامی حقوق کا نام لینے والے پہلے کہاں تھے اور اب راتوں رات ان کو عوام کی ہمدردی کا خیال کہاں سے آگیا ہے۔ گلگت بلتستان کی عوام خوش قسمت ہے کہ انہیں ملک بھر کے تمام علاقوں کی نسبت کم نرخوں پر آٹا اور گندم دستیاب ہے۔

jafarسینئر وزیر گلگت بلتستان محمد جعفر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان دھرنوں میں شریک چند افراد نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ عوام سے مخلص نہیں بلکہ ان نان ایشوز کی سیاست کی آڑ میں وہ زاتیات کی سیاست پر اتر آئے ہیں، ہنزہ نگر ، استور اور غذر سمیت دیگر تمام اضلاع کے انتہائی دور دراز علاقوں میں گندم اور آٹا بر وقت اور مناسب مقدار میں عوام کو دستیاب ہے اگر ایکشن کمیٹی مہنگائی کا رونا رو رہی ہے تو ان کے زہنوں میں یہ بات بھی ہوگی کہ مہنگائی صرف اس خطے کا مسئلہ نہیں بلکہ اس بڑھتی ہوئی مہنگائی کا شکار ملک بھر کی عوام ہے۔ خنجراب سے لیکر کراچی تک سب لوگوں کو اس مسئلے کا سامنا ہے۔ پیپلز پارٹی کی حکومت نے ستر کی دہائی میں ہی اس دور دراز کے خطے میں بنیادی خوراک کی اشیاء اور پٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی دی ہوئی ہے اور یہ اب تک جاری ہے۔ ایکشن کمیٹی جان بوجھتے ہوئے بھی عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے جو کہ انتہائی افسوس ناک بات ہے۔ ان دھرنوں میں خطے کی محب وطن عوام کی عدم شرکت نے ثابت کردیا ہے کہ وہ ایکشن کمیٹی کے جھانسے میں ہر گز نہیں آئیں گے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button