گلگت بلتستان

گلگت میں ارشد رحمان کی یاد میں شمعیں روشن کرنے کی تقریب

گلگت (پریس ریلیز) سول سوسائٹی کے زیر اہتما م مورخہ ۱۰ مئی بروز ہفتہ شام ۷ بجے گھڑی باغ چوک گلگت میں انسانی حقوق کے پر عزم کارکن اور ایچ آر سی پی ٹاسک فورس ملتان کے کوارڈینٹر ایڈوکیٹ راشد رحمان کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں۔ شمعیں روشن کرنے کی تقریب میں مختلف سماجی و سیاسی تنظیمو ں کے ایک سو سے زائد خواتین اور مرد ممبران نے شرکت کی۔ شرکاء نے اس موقع پر راشد رحمان کی تصویر کے سامنے پھول رکھ کر ان کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے راشد رحمان کے بہیمانہ قتل کے واقعے کی پر زور الفاظ میں مذ مت کی اور راشد رحمان کو کمرہء عدالت میں قتل کی دھمکی دینے والے افراد کو حکومت پنجاب کی طرف سے کھلی چھوٹ دینے او ر راشد رحمان کے قتل کے اس واقعے کے بعد تاحال قاتلوں کو گرفتار نہ کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔مقررین نے مطالبہ کیا کہ ارشد رحمان کے قاتلوں او ر ان کی پشت پناہی کرنے والوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزادی جائے۔ مقررین نے اس امر پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ پاکستان انسانی حقوق کے کارکنوں کے لئے ایک غیر محفوظ ملک بنتا جارہاہے اور اس ضمن میں قانون سازی کے ذریعے انسانی حقوق کے کارکنوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زوردیا۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ راشد رحمان کا مشن جاری رہے گا اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو قاتل کرکے اس تحریک کو نہیں روکا جاسکتا ہے۔ مقررین میں سابق صدر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ایڈوکیٹ احسان علی، ورکرز پارٹی کے سربراہ باباجان، انٹر نیشنل ہیومین رائٹس ابزرور کے فاروق احمد، پی ٹی آئی کے عزیز احمد، معروف سوشلسٹ سکالراور کراچی یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر ریاض احمد، طالب علم رہنماء اسلم انقلابی، قوم پرست رہنماء جانان خان، ایچ آر سی پی جی بی کے کوارڈنیٹر اسرارالدین اسرار، سماجی کارکن سیف لرحمان، نوجوان کی سماجی تنظیم کے راہنماء پیار علی اور دیگر شامل تھے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button