تعلیم

آل پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن ضلع چترال کی تقریب حلف برداری

چترال (بشیر حسین آزاد) پرائمری ٹیچرز کسی بھی تعلیمی نظام میں بنیاد کا کام دیتے ہیں جوکہ ایک بچے کی تعلیم کیریر کے آغاز میں بناؤ یا بگاڑ کا سبب بنتے ہیں جن کے مسائل کو حل کئے بغیر معیاری تعلیم کا تصور نہیں کیا جاسکتا اوراب پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن (اپٹا) خیبر پختونخوا میں اس راہ پر گامزن ہے ۔

اتوار کے روز کامرس کالج چترال کے ہال میں منعقدہ آل پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن ضلع چترال کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر ملک محمد خالد، سپریم کونسل کے چیرمین شاہ بابا، چترال سے رکن صوبائی اسمبلی سلیم خان، الف اعلان تنظیم کے صوبائی کوارڈینیٹرعمر اورکزئی اور ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر محمد اشرف نے کہا کہ گزشتہ دورحکومت میں اگرچہ پرائمری سکول ٹیچرزکے پے اسکیل بڑھائے گئے ہیں ، لیکن وہ ابھی تک گوناگوں مسائل سے دوچار ہیں جنہیں حل کئے بغیر وہ سکون واطمینان سے اپنے فرائض منصبی انجام نہیں دے سکتے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے سلیم خان نے کہاکہ وہ ہر ایک فورم پر پرائمری اساتذہ کو درپیش مسائل کو اجاگر کرتے رہے ہیں تاکہ ایک مطمئن استاد بہتر اندازمیں صحیح ڈیوٹی انجام دے سکے۔ انہوں نے کہاکہ انہوں نے کبھی بھی سیاسی بنیادوں پر محکمہ تعلیم میں ٹرانسفرز اور پوسٹنگ میں مداخلت کرنے کی کوشش نہیں کی اور اگر کسی پیمانے پر مداخلت ہوتی ہے تو بھی اس کے ذمہ دار اساتذہ برادری ہی ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اپٹا کے صوبائی صدر ملک محمد خالد نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب پرائمری سکول میں پڑھانے والا استاد بھی گریڈ 16کا حامل ہوگا جس کے لئے ایسوسی ایشن سرتوڑ کوشش اور جدوجہد میں مصروف ہے۔ انہوں نے صوبائی حکومت کی انڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اساتذہ سے کہا کہ اسے ناکام بنانے کی واحد صورت یہ ہے کہ وہ اپنی کارکردگی درست کریں جس کے بعد ان کی ضرورت ہی نہیں رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ اس نام نہاد مانیٹرنگ یونٹ کو بہت ذیادہ وسائل فراہم کئے گئے ہیں جوکہ اساتذہ کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے ۔ اس موقع پر ضلعی کابینہ کے علاوہ تمام تحصیلوں کے کابینہ کے اراکین سے ایم پی اے سلیم خان نے حلف لیا ۔جسمیں اپٹا کے ضلعی صدرمحمد اشرف خان،جنرل سیکرٹری محمد جمیل الدین،علی زمان سینئر نائب صدر اول،احمد دین سینئر ئاب صدر دوئم،سردار جمشید نائب صدر اول،فدامحمد نائب صدر دوئم،نیت ولی شاہ نائب صدر سوئم،عنایت اللہ نائب صدر چہارم،شریف اللہ فنانس سیکرٹری ،شوکت علی ڈپٹی جنرل سیکرٹری،الیاس احمد آفس سیکرٹری اور تحصیلوں کی سطح پر کابینہ کے صدور اور دوسرے عہدے دار شامل تھے۔تقریب کے آخر میں ایک قرارداد کے ذریعے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر زنانہ کی طرف سے پرائمری سکول ٹیچرز کی حالیہ تبادلوں کو مسترد کیا گیا اور یہ مطالبہ کیا گیا کہ ان استانیوں کے تبادلوں کو ایک ہفتے کے اندر منسوخ کیا جائے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button