سیاست

ایون (چترال) کے معروف سماجی کارکن خیر الاعظم کا پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان

چترال(بشیر حسین آزاد) ایون چترال کے معروف سماجی کارکن خیر الاعظم نے ایم پی اے سلیم خان کی یونین کونسل ایون کی ترقی کے لئے انجام دئیے گئے خدمات کے پیش نظر اور علاقے کے بہترین مفاد میں پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا ۔ چترال سے صوبائی اسمبلی کے رکن اور پی پی پی کے ضلعی صدر سلیم خان کی معیت میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وہ 1970ء کے عشرے میں اپنے زمانہ طالب علمی میں ہی پی پی پی کے اسٹوڈنٹس ونگ کے پلیٹ فارم سے کالج کے اسٹوڈنٹس یونین کا صدر منتخب ہوا تھا مگر بعد میں بعض وجوہات کی بنا پر دوسری سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کی تھی ۔ انہوں نے کہاکہ انہوں نے یہ فیصلہ گزشتہ کئی سالوں سے سلیم خان ایم پی اے کی طرف سے ایون کو خصوصی توجہ کا مرکز بنانے اور اس کی پسماندگی ختم کرنے کے لئے مخلصانہ کاوشوں کی وجہ سے وہ دوبارہ اس پارٹی میں شامل ہونے پر مجبور ہوئے تاکہ وہ بھی اپنے تمام رشتہ داروں اور دوستوں کے ساتھ مل کر ان کا قوت بازو بن کر اپنے علاقے کی ترقی میں کردار ادا کرسکیں۔ خیرالاعظم نے کہا کہ وہ صرف اور صرف علاقے کی مفاد اور سلیم خان ایم پی اے کی خدمات کے اعتراف میں یہ فیصلہ کررہے ہیں جبکہ بلدیاتی انتخابات میں پارٹی ٹکٹ کا حصول ان کا کوئی مطمع نظر نہیں ہے ۔ اس موقع پر ایم پی اے سلیم خان نے اپنے خاندان اور وسیع حلقہ احباب کے ساتھ پی پی پی میں شامل ہونے پر خیر الاعظم کا استقبال کرتے ہوئے ان کے اور ان کے صاحبزادے سہیل اعظم کے گلے میں ہار ڈال دیا۔ اس موقع پر سلیم خان نے کہاکہ ضلعے کے مختلف علاقوں میں خیر الاعظم جیسے بااثر سیاسی شخصیات کا پی پی پی میں شامل ہونا اس پارٹی پر عوام کی بھر پور اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ گزشتہ سات سالوں سے اپنے حلقہ نیابت کے عوام کی جو بے لوث خدمت کررہے ہیں، اس کا صلہ اب ان کواور ان کی پارٹی کو مل رہی ہے جس کے نتیجے میں قدآور سیاسی شخصیات پارٹی میں جوق در جوق آرہے ہیں کیونکہ ان پر یہ حقیقت عیاں ہوگئی ہے کہ پی پی پی ہی واحد سیاسی جماعت ہے جس میں عوامی مسائل کا حل موجود ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پی پی پی آنے والے بلدیاتی الیکشن میں ضلع چترال میں کلین سویپ کرنے کی پوزیشن میں آگئی ہے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button