سیاست

پارٹی نے ٹکٹ دی تو انتخابات میں حصہ لونگی: سعدیہ دانش

کھٹمنڈو میں سعدیہ دانش ، شہلآ رضا  اور ایک خاتون محو گفتگو
 کھٹمنڈو میں سعدیہ دانش ، شہلآ رضا اور ایک خاتون محو گفتگو (فائل فوٹو)

گلگت(صفدر علی صفدر) پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی شعبہ خواتین کی صدروسابق صوبائی وزیراطلاعات سعدیہ دانش نے گلگت حلقہ نمبردو سے قانون ساز اسمبلی کے آٹھ جون کو ہونے والے انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے حتمی فیصلے کو پارٹی ٹکٹ سے شروط قرار دیا ہے۔ بدھ کو پامیر ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے سعدیہ دانش نے کہا کہ وہ اپنے آبائی حلقے سے الیکشن لڑنے کا ارادہ رکھتی ہیں جس کے لئے وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ کے حصول کے لئے باضابطہ طور پر درخواست بھی جمع کروارہی ہیں۔تاہم ٹکٹ دینے یا نہ دینے کا اختیار پارٹی کی اعلیٰ قیادت اور انتخابات کے حوالے سے قائم کمیٹی کو ہی حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن لڑنے کے لئے پارٹی ٹکٹ نہ ملنے کی صورت میں وہ پارٹی قائدین کے فیصلے کا احترام کرتے ہوئے پارٹی امیدوار کا بھر پور ساتھ دیں گی اوراپنے امیدوار کی کامیابی کے لئے اپنا کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی جانب سے گلگت بلتستان کے انتخابات کے سلسلے میں قائم کمیٹی اگلے چند روز میں گلگت بلتستان کا دورہ کریگی اور تمام حلقوں میں جاکر پارٹی کی پوزیشن دیکھ کر الیکشن لڑنے کے لئے موزوں امیدواروں کا انتخاب کریگی۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے لئے دی جانے والی خدمات کے باعث عوام میں سب سے مقبول جماعت بن چکی ہے جس سے خوف زدہ ہوکر سیاسی مخالفین انکی سابق صوبائی حکومت کے خلاف منفی پروپگنڈہ کررہے ہیں لیکن اس سے انکی جماعت پر کوئی اثر نہیں پڑسکتا اور آنے والے انتخابات میں بھی کامیابی پیپلز پارٹی ہی کی ہے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button