گلگت بلتستان

ایس سی او کے مغوی اہلکاروں کی بازیابی کے لئے داریل تانگیر کے عمائدین اور علما پر مشتمل 40 رکنی جرگہ تشکیل

چلاس(شہاب الدین غوری سے)ایس سی او کے مغوی انجینئرز کی بازیابی کیلئے داریل اور تانگیر کے علماء عمائدین اور نمبردران پر مشتمل چالیس رکنی جرگہ تشکیل دیدیا گیا ۔ڈسٹرکٹ ہال چلاس میں کمشنر دیامر ڈویژن ظفر وقار تاج کی صدارت میں مغوی انجیئنرز کی بازیابی کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں صوبائی وزیر جنگلات الحاج محمد وکیل ،اپوزیشن لیڈر حاجی شاہ بیگ ،پارلیمانی سیکریڑی حاجی حیدر خان ،ڈی آئی جی دیامر رینج عنایت اللہ فاروقی ،ڈپٹی کمشنر دیامر عثمان احمدداریل اور تانگیر کے چالیس رکنی جرگہ سمیت سیکورٹی اداروں کے اعلیٰ حکام اور داریل تانگیر کے علماء ،عمائدین ،نمبردران نے شرکت کی ۔اس موقع پر خطاب کر تے ہو ئے کمشنر دیامر ڈویژن ظفر وقار تاج اور ڈی آئی جی عنایت اللہ فاروق نے کہا کہ حکو مت مغوی انجینئرز کی بازیابی کیلئے آخری حد تک جائے گی ۔ضلع دیامر کے علاقوں کو کسی صورت میں دہشت گردوں کی پناہ گاہیں بننے نہیں دینگے ۔ داریل اور تانگیر کے لوگ شرپسندوں کی نشاندہی کریں اور ان کے ساتھ ہر قسم کا بائیکاٹ کریں ۔علماء ،عمائدین اور معززین علاقہ گاؤں گاؤں جا کر لوگوں کو اس بات کا پابند کریں کہ وہ اغواء کاروں اور دہشت گردوں کو کسی قسم کی پناہ نہ دیں ۔اور علماء اپنے خطبوں میں ان عناصر کے ساتھ ہر قسم کے رشتے ختم کرنے کا درس بھی دیں انہوں نے کہا کہ مغوی انجینئرز کی بازیابی کیلئے ہر آپشن استعمال کیا جائیگا ۔داریل تانگیر میں وسیع پیمانے پر آپریشن کیلئے سیکورٹی فورسز کو الرٹ کر دیا گیا ہے ۔اور حکومت ہر صورت اپنی رٹ بحال کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ اب دیامر کے عوام کو سچ کے ساتھ دینا ہوگا اور جو بھی خلاف قانون کام کرنے والے عناصرہیں ان کی نشاندہی کرنی ہو گی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہو ئے مولانا عبد الحلیم ،عبد اللہ خان و دیگر نے کہا کہ علاقے میں قیام امن کیلئے ہم ہر قسم کے تعاون کیلئے تیار ہیں ۔ہمیں علم نہیں کہ ایس سی او کے انجینئرز کو کس نے اغواء کیا ،کیوں کیا اور کہاں رکھا ہے ۔حکو مت شرپسندوں کے خلاف بھر پور کاروائی کرے ہم بھرپور تعاون کریں گے ۔اس موقع پر متفقہ طور پر داریل اور تانگیر کا چالیس رکنی جرگہ تشکیل دیا گیا جو آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اغواء کاروں کی بازیابی کیلئے رابطے کر ے گا اور اس حوالے سے حکو مت کو آگاہ کرے گا ۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

متعلقہ

Back to top button