تعلیم

ڈگری کالج گلگت کے پرنسپل کے خلاف ایف آئی آر، سراسر زیادتی ہے۔ پروفیسر ایسوسی ایشن گلگت بلتستان

گلگت(خصوصی رپورٹ) گلگت بلتستان پروفیسر اینڈ لیکچرار ایسوسی کی کابینہ کی ایک اہم میٹنگ ایسوسی کے صدر راحت شاہ کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ایسوسی ایشن کی آفیس میں ہونے والی میٹنگ میں کئی اہم امور تفصیل کے ساتھ زیر بحث آئے۔میٹنگ ایجنڈا کے مطابق حالیہ دنوں میں ڈگری کالج گلگت میں کشیدہ حالات کی وجہ سے کالج کے پرنسپل عطاء اللہ کے خلاف ایف آئی آر درج کرانا سراسر غیر قانونی اوراخلاقی فقدان کی دلیل ہے۔تعلیمی ادار وں میں مذہبی مداخلت اور اساتذہ کے ساتھ غیر ذمہ دارانہ رویہ ذہنی پسماندگی اور اخلاقی زوال کی دلیل ہے۔ صدر راحت شاہ نے کہا کہ ہماری انتظامیہ سے تفصیلی بات ہوئی ہے۔ انتظامیہ نے خود تسلیم کیا ہے کہ یہ ایف آئی آر غلط درج ہوئی ہے فوری اخراج کیا جائے گا۔کابینہ کے اراکین نے اس بات پر زور دیا کہ جب بھی حالات کشیدہ ہوتے ہیں تو اس کی سزا اساتذہ اور پروفیسروں کو دی جارہی ہے جو یقیناًقابل مذمت ہونے کے ساتھ غیر قانونی اور غیر اخلاقی بھی ہے۔اگر اساتذہ اور پرنسپل کا کوئی قصور ہے تو اس کو اوپن کیا جائے اور تادیبی کاروائی کی جائے بصورت دیگر کبھی اساتذہ کو معطل کرنا اور کبھی حراساں کرنا کسی بھی صورت قبول نہیں۔ اگر لوکل انتظامیہ نے اپنا رویہ درست نہیں کیا تو گلگت بلتستان کے ۲۵ کالجز کے تمام لیکچررز اینڈ پروفیسر احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے جو ان کا قانونی حق ہے ۔انتظامیہ سے معاملات طے کرنے کے لیے ایسوسی ایشن اور کالج کی مشترکہ ٹیم تشکیل دی جائے گی جو مذہبی و سیاسی قیادت سے بھی مسائل ڈسکس کرے گی اور اپنے ساتھ ہونے والے مظالم کا ہر فورم میں قوت کے ساتھ دفاع کرے گی۔جنرل سیکرٹری عرفان علی صدیقی نے کہا کہ لوکل انتظامیہ کو سمجھانے کی ضرورت ہے اگر لوکل انتظامیہ ہمارے مسائل کی طرف توجہ نہیں دے گی تو ہم ایجی ٹیشن پر جائیں گے۔ سیکرٹری اطلاعات ا میرجان حقانیؔ نے کہا کہ انتظامیہ کو مسائل کے حل کے حوالے سے باقاعدہ پروپوزل پیش کیا جائے گاجس میں تمام تفصیلات مندرج ہونگی اور میڈیا میں اپنا کیس مثبت انداز میں پیش کریں گے۔ نائب صدر ثناء اللہ نے کہا کہ ہمیں اپنے مسائل لے کر تمام مذہبی قیادت سے بھی ملنا چاہیے انہیں بھی درست انفارمیشن سے آگاہ کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ ہم تعلیمی اداروں کو دنگا فساد کے اڈے بننے نہیں دیں گے۔پروفیسر اینڈ لیکچرار ایسوسی ایشن کی کابینہ نے متفقہ طے کیا کہ بہت جلد پورے گلگت بلتستان کے کالجز کا کابینہ وزٹ کرے گی اور پرنسپلوں کی تعیناتی کے حوالے سے میرٹ کو ترجیح دی جائے گی۔کسی بھی فیکلٹی ممبر کی عزت نفس کا خیال رکھا جائے گا۔فور ٹائر اور ٹائم سیکیل پر سمر تعطیلات میں یکسوئی کے ساتھ کام کیا جائے گا۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button