گلگت بلتستان

حکومت نے پہلے سو روزہ اہداف کامیابی سے حاصل کر لیئے ہیں، صوبائی وزیر تعمیرات ڈاکٹر محمد اقبال

گلگت (پ ر) صوبائی وزیر تعمیرات ڈاکٹر محمد اقبال نے کہا ہے کہ کرپشن کا خاتمہ، میرٹ کی بالادستی ، قیام امن، ترقیاتی منصوبوں پر کام میں تیزی ، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں ہنگامی بنیادون پر اقدامات حکومت کی بہترین کامیابی ہے۔ انہوں نے محکمہ اطلاعات کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت امن کے قیام کے لیئے بہت سنجیدہ ہے اور ہر حال میں امن و عامہ کو اولین ترجیح دے گی کیونکہ علاقے کی تعمیر و ترقی کا راز امن میں ہی مضمر ہے۔

صوبائی وزیر تعمیرات نے کہا کہ وزیر اعلی گلگت بلتستان کی بہترین حکمت عملی کے باعث مسلم لیگ کی حکومت الیکشنز میں بھر پور طریقے سے کامیاب ہوئی اور اپنے منشور پر مکمل طور پر عمل پیرا ہوگی۔ وزیر اعلی ذاتی طور پر کرپشن کے خلاف جہاد کر رہے ہیں اور انکی خواہش ہے کہ یہ علاقہ امن و آشتی کا گہوارہ بنے اور ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔ وزیر تعمیرات نے کہا کہ ان کی دلچسپی عوام کی فلاح میں ہے اس لیئے وہ لاکھوں کی مراعات اور پر آسائش طرز زندگی کو ترک کر کے علاقے کے عوام کی خدمت کرنے کے لیئے سیاست میں واپس آئے ہیں اور انکا عزم یہ ہے کہ وہ بلا تفریق رنگ و نسل اور مذہب علاقے کی عوام کی خدمت کر سکیں۔

حکومتی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پہلے سو روزہ اہداف کامیابی سے پورے کر لیئے ہیں اور آئیندہ کے چھ مہینو ں کے لیئے نئے اہداف مقر کیئے جا چکے ہیں جن کو پورا کرنے کے لیے تمام ادارے کوشاں ہیں۔ ان اہداف کے پورے ہونے پر علاقے کی عوام کے مسائل میں واضح کمی نظر آئے گی۔ انتخابات میں کیئے گئے وعدے ہر حال میں پورے کیئے جائنگے اور مسلم لیگ ن کی حکومت باتوں سے زیادہ عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔ حکومت نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ کسی بھی محکمے میں کرپشن اور عوام سے زیادتی نہ ہونے پائے اور کسی طرح کا سیکنڈل سامنے نہیں آیا ہے جو اس بات کی دلیل ہے کہ حکومت شفافیت پر عمل پیرا ہے۔ اداروں میں میرٹ کی بالا دستی اور کرپشن کے خاتمے کے لیئے اقدامات کیئے جا رہے ہیں۔ سفارشی کلچر کا خاتمہ کردیا گیا ہے، جس کی واضح مثال پولیس کی بھرتیوں میں میرٹ پر سو فیصد عملدرآمد ہے۔ میرٹ کے خلاف کام کرنے والوں کا کڑا محاسبہ کیا جائے گا ۔ حکومت صاف شفاف معاشرے کی تشکیل چاہتی ہے ۔ سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی بجلی کی کمی پر قابو پانے کے لیئے وزیر اعلی کی ہدایات کی روشنی میں ہنگامی اقدامات کئے جا چکے ہیں چالیس کروڑ کی لاگت سے 17.5میگاواٹ بجلی پیدا کرنے جا رہے ہیں اور اگلے سال تک لوڈ شیڈنگ پر کافی حد تک قابو پایا جائے گا۔ نلتر میں زیر تعمیر 14 میگا واٹ پن بجلی گھر کو بھی ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرایا جا رہا ہے اور اپریل یا مئی تک اپنی پیداوار شرو ع کرے گا اور سسٹم میں اضافی بجلی شامل ہوگی۔

جگلوٹ سے گلگت تک ٹرانسمیشن لائن کی تنصیب پر بھی کام جاری ہے جس سے مزید بہتری آئے گی۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ بلا ضرورت بھاری برقی آلات کا استعمال نہ کریں اور بلات کی بر وقت ادائیگی کو یقینی بنائیں ۔ وزیر تعمیرات نے سکردو روڈ کے حوالے سے اخبارات میں شائع ہونے والی خبروں کو مستر د کرتے ہوئے کہا کہ اس ایشو پر سیاست کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ ہم سب کو بخوبی احساس ہے کہ یہ روڈ نہ صرف عوام بلکہ دفاعی نقطہ نگاہ سے بھی انتہائی اہم منصوبہ ہے۔ اس لیئے ماضی کی حکومتوں کی طرح عوام سے جھوٹے وعدے نہیں کریں گے اور ہر صورت میں انکی حکومت اس اہم شاہراہ کو بہت جلد تعمیر کرا رہی ہے۔ اس حوالے سے وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن اور سینئر وزیر امحمد اکبر تابان نے اپنے حالیہ دورہ اسلام آباد میں وفاقی وزیر پلاننگ احسن اقبال سے سکردو روڈ کی تعمیری کام کے فوری آغاز کے حوالے سے اہم ملاقات کی ہے جس کے نتائج جلد سامنے آنا شروع ہو جائیں گی، عوام منفی پراپیگنڈہ پر کان نہ دھریں۔

محکمہ اطلاعات کے حوالے سے انکا کہنا تھا کہ صوبے میں نئے اداروں کا قیام عمل میں لانے کا مقصد بھی یہ ہے کہ مفاد عامہ کے کاموں میں تیزی لائی جا سکے۔ انہوں نے صوبائی سطح پر محکمہ اطلاعات مزید مظبوط بنانے کا عزم بھی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایک مکمل طور پر فعال محکمہ اطلاعات حکومت کی کامیابیوں کی تشہیر کے لیے بہت ضروری ہے اور اس طرح کے مستعد ادارے حکومت کا چہرہ ہوتے ہیں۔ وزیر تعمیرات کا کہنا تھا کہ حکومت جلد ضلعی سطح پر بھی دفاتر کا قیام عمل میں لانے کی کوشش کر رہی ہے اور اس سلسلے میں وزیر اعلی گلگت بلتستان بھی خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں اور وہ بہت جلد محکمہ اطلاعات کا دورہ بھی کریں گی۔

اپنے محکمے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انکا یہ بھی کہنا تھا کہ محکمہ تعمیرات کی کا رکردگی میں واضح بہتری آچکی ہے اور ملازمین تندہی سے اپنے امور سر انجام دے رہے ہیں۔ ملازمین کی حاضریوں کو یقینی بنانے کے لیئے محکمہ تعمیرات میں بروقت حاضری کے اندراج کے لیئے جدید طرز کا بائیومیٹرک نظام لایا جا رہا ہے ۔

نیب کے حکام کو ضروری سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے وزیر اعلی کی جانب سے واضح ہدایات دی گئی ہیں جو اس بات کی غمازی ہے کہ صوبے سے بد عنوان عناصر کا خاتمہ اور قلع قمع حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ نیب کے افسران کے لیئے عارضی طور پر رہائش کا بندوبست سپیشل ایجوکیشن کے ہاسٹل میں کیا گیا ہے جس کی مد میں کرائے کی ادائیگی بھی کی جا رہی ہے اور یہ پیسہ سپیشل ایجوکیشن کے ادارے کی فلاح کے لیئے خرچ کیا جائے گا۔ KIUتا ذاولفقارآباد پل کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیر تعمیرات کا کہنا تھا کہ ٹھکیدار نے یقین دہانی کرادی ہے کہ سردیوں کے سیزن کے فوری بعد روڈ میٹلنگ کا کام مکمل کر دیا جائے گا

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button