معیشتگلگت بلتستان

انکم ٹیکس نوٹیفیکیشن کی ودڈراول تک اور پیسوں کی متعلقہ ٹھیکیداروں کو واپس دیئے جانے تک ہمارا مشن ادھورا تصور کیا جائے گا۔ گلگت بلتستان کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن

گلگت (پ ر) گلگت بلتستان کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کی مرکزی ایگزیکٹیو کا اجلاس زیر صدارت فردوس احمد صدر کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے مرکزی دفترگلگت میں طلب کیا گیا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کی جانب سے اضافی انکم ٹیکس کے نوٹیفکیشن کو معطل کرنے پر ان کی کابینہ کے متعلقہ وزراء اور مشیران کا شکریہ ادا کیا گیا۔ علاوہ ازیں گلگت بلتستان کی تمام سیاسی پارٹیوں اور صحافی برادری سمیت دیگر مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے اظہار یکجہتی کے طور پر احتجاجی پروگرام میں شمولیت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ وزیر اعلیٰ ہمیشہ گلگت بلتستان کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے تحفظات کے اوپر ہمدردانہ غور کرتے رہے ہیں جس میں رواں مالی سال کی اے ڈی پی کی ریلیز کا تاریخ ساز فیصلہ قابل ذکر ہے جس سے کنٹریکٹرز کا ایک دیرینہ مسئلہ حل ہوا۔

اجلاس میں گلگت بلتستان کنٹریکٹرز کے روایتی اصولی موقف کو دہراتے ہوئے حکومت پر واضح کیا گیا کہ انکم ٹیکس کے 2013ء کے فیصلے کو مکمل طورپر واپس لینے تک ان کی احتجاجی تحریک جاری رہے گی اس سلسلے میں آج تک کی جدوجہد تو صرف نکتہ آغاز ہے۔ ابھی ہم نے اس سلسلے کو گلگت بلتستان کے ہر مکاتب فکر تک پھیلانا ہے۔ ہمارا مشن ہے کہ گلگت بلتستان کے ایک ایک فرد تک اپنے اوپر ہونے والے ان مظالم کے بارے میں شعور و آگاہی دلانا ہے۔ اجلاس میں واضح کیا گیا کہ گلگت بلتستان کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کا انکم ٹیکس اور دیگر ٹیکسز کے نفا ذ کے حوالے سے ایک ہی موقف ہے اور وہ یہ ہے کہ مکمل آئینی حقوق کے حصول اور گلگت بلتستان کی پاکستان کی قومی اسمبلی اور سینیٹ میں نمائندگی دیئے جانے تک ٹیکسز کا نفاذ غیر قانونی اور بلاجواز ہے اور2013 کے انکم ٹیکس کے نفاذ کے حوالے سے جاری کئے گئے نوٹیفیکیشن کی ودڈراول With Drawalتک اور کاٹے گئے پیسوں کی متعلقہ ٹھیکیداروں کو واپس دیئے جانے تک ہمارا مشن ادھورا تصور کیا جائے گا۔

اس حوالے سے وزیر امور کشمیرکے ایک اخباری بیان کی سخت مذمت کی گئی جس میں یہ کوشش کی گئی ہے کہ گلگت بلتستان کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن2013ء کے بعد کے ٹیکس کٹوتیوں کے حق میں ہے۔ ایسا قطعاً نہیں ہے ہم کسی شکل میں کسی بھی قسم کے ٹیکس کے نفاذ کے خلاف ہیں اس میں کسی شک و شبے کی گنجائش نہیں ہے۔ اجلاس میں صدر گلگت بلتستان کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن نے 25دسمبر کو سکردو میں انکم ٹیکس کیخلاف منعقد کئے جانے والے احتجاجی پروگرام کے حوالے سے بتایا کہ بلتستان کے تمام ٹھیکیدار جی بی کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کی زیر قیادت ہر قسم کی قربانی کیلئے آمادہ تیار ہے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button