ثقافت

چترال میں کیڈ نامی ادارے کے تعاون سے ایف ایم نائینٹی سیون پر محفل مشاعرہ کا اہتمام

چترال (بشیر حسین آزاد) کریٹیو اپروچز فار ڈویلپمنٹ (CAD)کے تعاون سے ہاٹ ایف ایم 97میں پیر کی شام محفل مشاعرہ منعقد ہو ا ۔ جس میں چترال کے سنیئر اور جونیر شعراء نے انتہائی دلچسپی سے حصہ لیا ۔ محفل مشاعرے کے منتظم ہاٹ ایف ایم 97کے کمپیر علی تھے ۔ مشاعرے کے دوران کیڈ کے چیف ایگزیکٹیو شہزادہ مد ثرالملک اور آر پی ایم سلطان علی نے اپنے ادارے کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ۔کہ وہ مختلف ڈونر ایجنسیز سے فنڈ لے کر چترال کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کر رہے ہیں ۔ جس میں حفاظتی پشتے ، آبنوشی سکیمیں ، روڈز اور دیگر منصوبے شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ وہ چترال کے نوجوانوں کو مختلف ہنرسے آراستہ کرکے اُنہیں اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے مختلف تربیت فراہم کر رہے ہیں ۔ اور اس سے کئی نوجوان مرد و خواتین اپنے لئے روزگار حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں ۔ جبکہ مستقبل میں یہ ادارہ کئی شعبوں پر کام کرنے کیلئے منصوبہ بندی کر رہا ہے ۔غیر طرحی مشاعرے میں مختلف موضوع پر شعرا نے اپنے کلام پیش کرکے خوب داد وصول کی ۔ ان کلاموں میں ، حمد ،نعت ، نظم ، غزل اور دُعا و مناجات شامل تھے ۔ جبکہ نظم میں چترال میں بجلی ، زلزلے کے امدادی رقوم کی تقسیم ، بہن بیٹیوں کے حقوق ، سوشل میڈیا اور موبائل کی آمد سے بڑھنے والے معاشرتی مسائل اور چترال پر یکے بعد دیگرے آنے والے قدرتی آفات سے پیدا ہونے والی ہیجانی اور پریشان کُن حالات و کیفیات کو موضوع بنایا گیا تھا ۔جس میں ایک سے بڑھ کر ایک شاعر نے اپنے کلام سے محفل لوٹ لی ۔ اور بے ساختہ داد وصول کرتے رہے ۔

محفل مشاعرے میں چترال کے مایہ ناز شعرا ء افضل اللہ افضلؔ ، شہزادہ مبشر الملک مبشرؔ ، مسرت بیگ مسرت ؔ ، محمد رحیم بیگ خاکسارؔ ، شیر اکبر صباؔ ،سلطان علی خان سلطانؔ ،سید نذیر حسین شاہ نذیرؔ ، جعفر حیات ذوقیؔ ، محبو ب الحق حقیؔ ،خالد فراق عندلیبؔ ، سرور سُرورؔ ،ثناء اللہ ثانیؔ ،جعفر نبی جعفرؔ ،محمد شفیق الرحمن شفیقؔ ،فداء الرحمن ، جی کے صریرؔ ، افضل حسین شاہ افضلؔ ، طارق اللہ طارقؔ ،کرم الہی کرمؔ اور رشید احمد راوی ؔ نے حصہ لیا ۔

محفل مشاعرے کے اختتام پر چترال پریس کلب کے سابق صدر محکم الدین نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کریٹیو اپروچز فار ڈویلپمنٹ کے چیف ایگزیکٹیو شہزادہ مدثر الملک اور ہاٹ ایف ایم 97کے ذمہ داروں کی مشترکہ طور پر محفل مشاعرے کا انعقاد کرنے پر اُن کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ چترال کے شعراء کے خیالات کی بُلندی کسی بھی زُبان کے پائے کے شعراء سے کم نہیں ۔ اور نوجوانوں کا اتنے وسیع و بلند خیالات کا حامل ہونا اور انتہائی خوبصورت الفاظ کے ذریعے اپنے ضمیر کی تڑپ کا اظہار کرنا یقیناًچترالی ادب کی پختگی کا ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ادب و ثقافت ہمیں بڑوں کا احترام چھوٹوں کی سرپرستی کی تعلیم دیتا ہے ۔ اس لئے ایک ہی بولی بولنے والوں کو اپنی زبان کے فروغ کی خاطر باہم مل جُل کر چلنے کی اشد ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ چترال کے ریڈیو سٹیشنز میں اس قسم کے مشاعرے ادب و ثقافت کے فروغ کا سبب بنیں گے ۔ اس لئے ضروری ہے ۔ کہ اس قسم کے محفل مشاعرے وقفے وقفے سے منعقد کئے جائیں ۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button