سیاست

گلگت بلتستان کو محض نقشے کا حصہ نہیں، بلکہ ملک کا مکمل آئینی صوبہ بنانا چاہتے ہیں، اسلامی تحریک کے رہنماوں کی پریس کانفرنس

گلگت( فرمان کریم) گلگت بلتستان کے عوام جی بی کو نقشے کا حصہ نہیں بلکہ مکمل آئینی صوبہبنانا چاہتے ہیں۔ اقتصادی راہداری کو تحفظ دینے کے لئے آئینی حیثیت کا تعین اور راہداری کے تمام منصوبوں کی تفصیل نہیں دی گئی  تو حالات کی تمام تر ذمہ داری وفاقی حکومت پر ہو گی۔ صوبائی حکومت آل پارٹیز کانفرنس کے اعلانیہ کی روشنی میں گلگت بلتستان کو حقوق دلانے کی مکمل جدوجہد کرے۔ اگر پارٹی ڈسپلن حقوق کے حصول میں رکاوٹ بنتی ہے تو وقت کا تقاضہ ہے کہ صوبائی حکومت جی بی کے عوامی تحریک کی مکمل سپورٹ کرے۔

ان خیالات کا اظہار اسلامی تحریک پاکستان گلگت بلتستان کے رہنماعلامہ شیخ مراز علی، علامہ سید عباس علی شاہ رضوی، علامہ شیخ فدا حسن عبادی ، سابق قانون ساز اسمبلی دیدار علی اور دیگر ہنماوں نے گلگت پریس کلب میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ دمشق میں سیدہ حضرت زینب ؑ کے مزرا مقدس کو نشانہ بنانے کے لئے کئے جانے والے بزدلانہ حملے کو مذہبی مقامات کی توہین اور مذہبی عقیدہ کی آزادی پر حملہ سمجھا جاتا ہے۔ اور اس کی شدید مذمت کی جاتی ہے اور قومی ائیر لائن کے ملازمین کی نجکاری کے خلاف احتجاج پر حملہ کو حکومتی جبر وتشدد قرار دیا جاتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی حمایت اور درپیش مسائل پر آواز اُٹھانے پر عوامی ایکشن کمیٹی ، اینٹی ٹیکس موومنٹ اور یوتھ موومنٹ گلگت بلتستان کی حمایت کرتے ہوئے علاقے کی انسانی بنیادی حقوق کے حصول کے حوالے سے تما م سیاسی اورمذہبی جماعتوں کو اپنے اختلافات دور کر کے اس نازک موڑ پر اپنے کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

اُنہوں نے پریس کا نفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام ملک کے مخلص اور محب وطن ہیں جو 68سال سے پاکستان میں شامل ہونے کے لئے ترس رہے ہیں جبکہ پاکستانی حکمران گلگت بلتستان کے عوام کو متنازعہ قرار دیتے ہیں۔ گلگت بلتستان کے عوام سے زیادہ محب وطن کو ئی نہیں ہے جو آئینی حقوق نہ ملنے کے باوجود پاکستان سے الحاق چاہتے ہیں۔ اُنہوں نے مذید کہا کہ اسلامی تحریک سال 2016کو آئینی حقوق کا سال منائے گی اور گلگت بلتستان کے حقوق کے حصول میں صف اول کا کردار ادا کریگی اور پورے گلگت بلتستان کے گھر گھر میں اپنا پیغام پہنچائے گی۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button