کھیل

انٹرکالج اشکومن میں سپورٹس ویک کی اختتامی تقریب منعقد

چٹورکھنڈ (کریم رانجھا) ؔ وسائل کے بغیر علم حاصل کرنا معجزے سے کم نہیں ،طلبہ وطالبات کی کارکردگی نے زبردست متاثر کیا،کالج کی عمارت کو دیکھ کر شرمندگی ہوتی ہے،محکمہ تعمیرات اور ٹھیکیدار کی غفلت کی وجہ سے کالج کا منصوبہ تا حال ادھورا ہے ،ریوائزڈ پی سی ون پر تیزی سے عملدرآمد کے لئے متعلقہ حکام سے بات چیت کروں گا،انٹر کالج چٹورکھنڈ میں سپورٹس ویک کی اختتامی تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر غذر میر وقار احمد کا کہنا تھا کہ سرکاری سرپرستی نہ ہونے کے باوجود طلبہ وطالبات کی کارکردگی انتہائی متاثر کن رہی ہے جو اساتذہ اور طلبہ کی لگن اور جذبے کا مظہر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ تعمیرات اور متعلقہ ٹھیکیدار کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے یہ اہم منصوبہ تاحال ادھورا ہے،تاہم عمارت کا پی سی ون ریوائز ہوچکا ہے جس پر تیزی سے عملدرآمد کے لئے سفارشات متعلقہ حکام کو بھیجدی ہیں۔کالج کی لائبریری اور کمپیوٹر لیب کے لئے جون میں سکیم رکھی جائے گی نیز انہوں نے دو اساتذہ کی تنخواہ ضلع کونسل کی فنڈ سے دینے کا بھی وعدہ کیا۔تقریب کی صدر کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر کالجز میر احمد خان کا کہنا تھا کہ ہم ابھی تک سرکاری سطح پر کالج کہلانے کے مستحق نہیں ،ڈائریکٹریٹ نے انتطامی امور کی دیکھ بال کے لئے صرف پرنسپل کا تقرر کیا ہے اس کے علاوہ ہم اب تک ایک بھی فیکلٹی ممبر نہیں دے سکے ہیں ۔بجٹ کے حوالے سے بھی کالج کو دشواریوں کا سامنا ہے اس سلسلے میں قانونی مسائل درپیش ہیں ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ریوائزد پی سی ون پر کام شروع ہونے کے بعد مسائل میں کمی آئے گی فی الوقت کالج کو محدود پیمانے پر بجٹ دلانے اور بس کی مرمت کے لئے متعلقہ حکام سے بات چیت کریں گے ۔قبل ازیں پرنسپل انٹر کالج چٹورکھنڈ پروفیسر جمعہ گل نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے کالج کے مسائل اور کارکردگی کے بارے میں گفتگو کی۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے فنڈ ز کی عدم دستیابی کی وجہ سے والدین پر فیس کا ناقابل برداشت بوجھ ہے ۔کالج کے امور کو چلانے کے لئے فیس لینا مجبوری ہے ،190طلبہ وطالبات کے لئے کوئی سہولت میسر نہیں ۔کمپیوٹرز نہ ہونے کی وجہ سے آئی ٹی کی کلاسیں نہیں لی جاسکتیں ،لائبریری میں کتابوں کی تعداد انتہائی محدود ہیں۔تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے سپورٹس میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ وطالبات میں انعامات تقسیم کئے اور اپنی جانب سے پچیس ہزار روپے نقد انعام کا اعلان کیا۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button