گلگت بلتستان

ہنزہ ضمنی انتخابات، پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی ٹکٹ عزیز احمد کو دینے کااعلان کردیا

گلگت: پاکستان تحریک انصاف نے ہنزہ میں 28 مئی کو ہونے والے انتخابات کے لئے پارٹی ٹکٹ بالائی ہنزہ کے گاوں مورخون سے تعلق رکھنے والے عزیز احمد کو دینے کا اعلان کردیا ہے۔ یہ اعلان آج گلگت میں پارٹی کے رہنما فتح اللہ خان نے کیا۔

پامیر ٹائمز سے بات کرتے ہوے عزیز احمد نے بتایا کہ پارٹی ٹکٹ ملنا خوشی کی بات ہے اور اللہ کے فضل اور عوام کے تعاون سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔ ٹکٹ ملنے پر انہوں نے پارٹی قائدین کا شکریہ بھی ادا کیا۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ نجیب اللہ خان، پارٹی کے ایک نوجوان رہنما، نے ان کے حق میں انتخابات سے دستبرداری کا اعلان کردیا ہے۔ انہوں نے نجیب اللہ خان اور دیگر پارٹی رہنماوں، کارکنوں اور امیدواروں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

ماسٹرز کی ڈگری رکھنے والے عزیز احمد عرصہ دراز تک سوشل سیکٹر میں کام کرنے کے بعد سیاست کے میدان میں گزشتہ ایک دہائی سے بھی زیادہ عرصے سے سرگرم ہیں۔ پچھلے انتخابات میں انہوں نے پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر امیدوار اظہار ہنزائی کے کمپین میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا۔

یاد رہے کہ جون 2015 میں ہونے والے گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں ضلع ہنزہ سے اظہار ہنزائی پی ٹی آئی کے امیدوار تھے۔ انہوں نے مجموعی طور پر 2291 ووٹ حاصل کر کے چوتھی پوزیشن حاصل کی تھی۔ ہنزہ میں ووٹرز کی کل تعداد 36ہزار کے لگ بھگ ہیں۔

انتخابات میں کامیاب ہونے والے امیدوار میر غضنفر علیخان کے گورنر بننے کی وجہ سے خالی ہونے نشست پر کرنے کے لئے  ہنزہ میں ضمنی انتخابات منعقد کئے جارہے ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

ایک کمنٹ

  1. Heartiest Congratulations to Azizi Ahmed, and requesting Zafar and Hajjat sb to not the divide votes.

Back to top button