متفرق

تحریک انصاف ہنزہ کا صدر ہوتے ہوے بھی بابا جان کی حمایت میں نکالی گئی ریلی میں شرکت کی، جس پر میرے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، عزیز احمد

 گلگت ( پ ر)پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار عزیز احمد نے کہا ہے کہ زبانی بیانات اور عملی اقدامات میں زمین آسمان کا فرق ہوتا ہے ۔ اکتوبر۲۰۱۴ میں جب انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے بابا جان اور اُس کے11 ساتھیوں کو عمر قید کی سزا سنائی تو اس سزا کے خلاف اور باباجان کے حق میں کسی بھی سیاسی جماعت کے کارکن یا عہدیدار نے آواز نہیں اٹھائی۔تحریکِ انصاف ہنزہ نگر کا صدر ہوتے ہوئے بھی میں نے اُس احتجاجی ریلی میں بھر پور شرکت کی جو کرنل حسن مارکیٹ سے شروع ہوئی اور اقوامِ متحدہ کے دفترجوٹیال میں تحریری یادداشت پیش کرنے اور فیصلے کے خلاف تقاریر کے بعد اختتام پزیر ہوئی۔ اگلے روز ہی جوٹیال تھانے میں مجھ سمیت نو افرادپر دفعہ 341 اور 124Aکے تحت مقدمہ درج کیا گیا جو عدالت میں اگست 2015 تک زیر سماعت رہا۔ اسکے علاوہ بارہاجیل میں ان سے ملنے گیا اور ہر سطح پر ان کے حق میں آواز اٹھائی۔

انھوں نے کہا کہ یہاں کہنے کا مقصد یہ ہے کہ آج جبکہ ہنزہ میں ضمنی انتخابات کا ماحول ہے اور ہر کوئی، بہ شمول وزیراعلیٰ اور سابق سپیکر اپنے سیاسی مفاد کی خاطر باباجان سے اظہارِ ہمدردی کر رہا ہے جبکہ حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔ آج بھی اگر کوئی سیاسی کارکن باباجان اور اس کے ساتھیوں کوانصاف دلوانے کی مخلصانہ کوشش کر سکتا ہے تو وہ میں ہی ہوں جس نے ماضی میں کئی مرتبہ عملی طور پر کوشش کی البتہ اسمبلی کے اندر پہنچنے کے بعد ان سیاسی اسیروں کو انصاف دلوانا میرا اولین مقصد ہوگا۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button