نوجوان

گلگت بلتستان حکومت نوجوانوں کے مسائل حل کرنے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے، انجینئر تحسین علی رانا

 اسلام آباد ( پ ر) یوتھ پارلیمنٹ پاکستان کے وزیر اعظم اور گلگت بلتستان سٹوڈنٹ کونسل کے چیئرمین انجینئر تحسین علی رانا نے ایک بیان میں کہا کہ حکمران ٹولہ عوامی مسائل کے حل کی بجائے پروٹوکول انجوائے کرنے میں لگا ہوا ہے۔ دو سالوں کی کارکردگی اطمینان بخش نہیں۔ سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہیں٬ بجلی کا بحران اپنی جگہ موجود ہے ۔ حکمران انجینئرنگ اور میڈیکل یونیورسٹی بنانے کی بجائے کوٹہ کی سیٹوں پر بغلیں بجارہے ہیں۔ سرکاری ملازمتوں میں اقربا پروری اور سفارش کلچر نے نوجوانوں کو خودکشیوں پر مجبور کردیا ہے۔ محکمہ صحت ہو یا محکمہ جنگلات یا کوئی اور محکمہ عوام کو سوائے تکلیف اور تباہی کے کچھ نہیں دے رہا۔ سرکاری اہلکاروں کی سرپرستی ميں جنگلات کی بے دریغ اور غیر قانونی کٹائی جہاں قدرتی وسائل کی لوٹ مار کا باعث بن رہی ہے وہیں پر ماحولیاتی تباہی کا بھی سبب بن رہی ہے۔ دو سالوں میں سوائے بیانات دینے اور عوام کو بے وقوف بنانے کے کوئی اور کام نہیں کیا۔ نوجوانوں کے لئے کاروبار اور نوکریوں کی صورت روزگار دینا حکومت کی ذمہ داری ہے جسے مکمل کرنے میں حکومت ناکام نظر آتی ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ عوام کی خدمت کو اپنا شعار بناتے ہوئے عوام اور بالخصوص نوجوانوں کے مسائل حل کرے۔ گلگت بلتستان میں انجینئرنگ اور میڈیکل کالجز کا قیام عمل میں لانے اور گلگت بلتستان پبلک سروس کمیشن کے جلد قیام کو یقینی بنائے۔ نیز محکمہ صحت ٬ پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ اور محکمہ جنگلات سمیت دیگر سرکاری اداروں کا قبلہ درست کردیا جائے تاکہ عوام کے بنیادی مسائل حل ہوں اور وسائل کی بندربانٹ کو بھی روکا جاسکے۔

Print Friendly, PDF & Email

آپ کی رائے

comments

پامیر ٹائمز

پامیر ٹائمز گلگت بلتستان، کوہستان اور چترال سمیت قرب وجوار کے پہاڑی علاقوں سے متعلق ایک معروف اور مختلف زبانوں میں شائع ہونے والی اولین ویب پورٹل ہے۔ پامیر ٹائمز نوجوانوں کی ایک غیر سیاسی، غیر منافع بخش اور آزاد کاوش ہے۔

متعلقہ

Back to top button